مکرم امان اللہ صاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں:
خاکسار کے والدمحترم عبدا لقیوم صاحب ابن مکرم حافظ عبدالقدوس صاحب آف بھاگو شریف ضلع گجرات حال مقیم ربوہ بعمر 70سال مؤرخہ 3جولائی بروز جمعۃ المبارک کو صبح وفات پاگئے۔ انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔
مؤرخہ 3جولائی کو شام ساڑھے چھ بجے مکرم ناظر صاحب دیوان و خدمتِ درویشان نے ان نماز جنازہ پڑھائی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالی کی شفقت سے آپ کی تدفین بہشتی مقبرہ دارالفضل میں ہوئی۔تدفین کے بعد خاکسارنے دعا کروائی ۔
والد صاحب اور ان کے چھوٹے بھائی مکرم عبدالغفور صاحب 1984ء میں بیعت کرکے احمدیت میں داخل ہوئے تھے اور بے انتہا مخالفتوں کا سامنا بڑی دلیری سے کیا۔17؍ جولائی 1989ء کو حالات کی خرابی کے باعث آبائی گاؤں بھاگوشریف ضلع گجرات سے ہجرت کرکے شاہ تاج شوگرملز کالونی میں شفٹ ہوگئے ۔یہاں آپ کو بے شمار جماعتی خدمات کا موقع ملا جن میں امام الصلوٰۃ، سیکرٹری تعلیم القرآن ،سیکرٹری ضیافت،نائب زعیم انصار اللہ شامل ہیں۔
شاہ تاج شوگرملزسے ریٹائر منٹ کے بعد 2012 ءمیں آپ نے ربوہ رہائش اختیار کی اور یہاں بھی خدا کے فضل سے بے شمار جماعتی خدمات کا موقع ملا ۔2012ء تا دم آخر آپ اس حلقہ میں امام الصلوۃ رہے ۔اس کے علاوہ نائب صدر اور زعیم انصاراللہ بھی رہے ۔آپ کو بطورمعاون قائد تعلیم مجلس انصاراللہ پاکستان خدمت کا بھی موقع ملا۔
آپ پنجوقتہ نماز باجماعت کے علاوہ باقاعدگی سے تہجد ادا کرنے والے تھے ۔قرآن کریم سے بے حد پیار کرتے تھے۔جہاں بھی رہے قرآن کریم پڑھاتے اور خود بھی حفظ کرتے تھے۔خلافت احمدیہ کے سچے وفادار خادم تھے ۔ہم سب کو ہمیشہ خلافت احمدیہ سے وفا کا سبق دیا۔آپ مسجد کی خوبصورتی اور اس میں پودے لگانے کا خاص اہتمام کیا کرتے تھے ۔
آپ نے پسماندگان میں اہلیہ ،تین بیٹیاں اور سات بیٹے ،چھوڑے ہیں ۔آپ کے دو بیٹے خاکسار اور مکرم جری اللہ صاحب مربی سلسلہ ہیں ۔
احباب جماعت سےدعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالی والد محترم کے درجات بلند کرے جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاکرے ۔آمین
٭…٭…٭