• 23 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ برکینا فاسو کی سرگرمیوں کی ایک جھلک ماہ فروری 2022ء

جماعت احمدیہ برکینا فاسو کی سرگرمیوں کی ایک جھلک
ماہ فروری 2022ء

اعزاز

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ 26فروری 2022 جماعت احمدیہ برکینافاسو اور بالخصوص مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ ورچوئل ملاقات کی سعادت نصیب ہوئی اس ملاقات میں مجلس خدام الاحمدیہ کی نیشنل عاملہ کے تمام ممبران کے علاوہ تمام 16 ریجنز کے قائدین علاقہ جات بھی شامل تھے اور کل حاضری 37 تھی اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ ثُمَّ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔

تبلیغ

ریجن لیو نے دوران ماہ Festival de retrouvail میلہ کے موقع پر جماعتی لٹریچر کا ایک بک سٹال لگایا اور یوں یہ جماعت کے تعارف کا بھی ذریعہ بنا

برکینا فاسو کی آئیوری کوسٹ کے ساتھ ملنے والی سرحد سے تیس کلو میٹر قبل ایک جماعت لینا میں تبلیغی نشست کا انعقاد کیا گیا۔اسی طرح سیندو کے پہاڑی سلسلہ پر واقع ایک جماعت گاؤں فافاسو میں بھی ایک تبلیغی نشست کا انعقاد کیا گیا۔

ریجن بانفورا کی ایک جماعت دونا میں بھی ایک بڑی تبلیغی نشست کا انعقاد کیا گیا۔

ریجن کودگو میں ایک نئی جماعت کونٹی کا قیام عمل میں آیا اور 150 احباب بیعت کر کے اسلام احمدیت میں داخل ہوئے اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

ریجن بوبو جلاسو کی جماعت سیکونا میں ایک تبلیغی نشست اور مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا

تعمیر مساجد

ریجن توگاں کی جماعت سانکوئے میں ایک نئی مسجد کی تعمیر کا کام شروع ہوا اور مٹی کی اینٹیں بنائی گئیں۔

تقریب آمین

ریجن لیو کی جماعت نبیلایسے نے دوران ماہ تقریب آمین کا پروگرام منعقد کیا

پانی زندگی ہے

ہیومینٹی فرسٹ کے تعاون سے ریجن پو میں10 ریجن کوپیلا میں 15 اوراسی طرح گاوا ریجن میں بھی واٹر بور ہول کی صفائی اورمرمت کا کام کیا گیا اور پانی کی فراہمی ممکن بنائی گئی۔

تقسیم راشن

جماعت احمدیہ ریجن کایا نے دوران ماہ مہاجرین کے لیے سنما ٹینگا جماعت میں ایک تقسیم راشن کا پروگرام منعقد کیا جس میں 50 راشن بیگ جس میں 5کلو چاول 1کلو چینی 1 لیٹر آئل اور صابن وغیرہ شامل تھے تقسیم کیے۔

جماعت زورگو نے بھی مہاجرین کی مدد کے لیے اشیاء تقسیم کیں۔

جلسہ ہائے مصلح موعود ؓ

20 فروری کو ملک کے طول و عرض میں جلسہ ہائے پیشگوئی مصلح موعودؓ کا انعقاد کیا گیا اس دن کا آغاز اکثر جماعتوں میں اجتماعی نماز تہجد اور دن کے دوران جلسہ کی کاروائی منعقد کی گئی اس سلسلہ میں نمایاں جلسہ جات مندرجہ ذیل ریجنز میں ہوئے۔

ریجن توگاں میں جماعت موارا پیتی کے جسلہ میں 230 احباب شامل ہوئے۔

ریجن ددگو کی جماعت کاری کے جسلہ میں 120 احباب شامل ہوئے۔

ریجن بورومو کی جماعت ویرو میں اور ایک اور ریجن کی جماعت سولینزو میں جلسہ کے ساتھ شاملین کا کُلُوْا جَمِیْعًا کا پروگرام بھی منعقد ہوا

ریجن کایا نے اس تمام دن کو مختلف پروگراموں میں گزارا نماز فجر کے بعد جلسہ اور اس کے ساتھ یوم تربیت کا بھی انعقاد کیا اور اسی طرح اسی دن کو نماز ظہر و عصر کے بعد احباب جماعت کے درمیان ایک فٹ بال کا دوستانہ میچ بھی کھیلا اور نماز مغرب اور عشاء کے بعد مجلس سوال و جواب کا بھی انعقاد کیا اور کلو جمیعا سے احباب کی ضیافت کی گئی۔

ریجن ڈوری میں بھی جلسہ اور کُلُوْا جَمِیْعًا کا پروگرام منعقد ہوا مثالی

وقار عمل

ددگو ریجن کی جماعت کاری نے مسجد سے ملحقہ زمین پرغسل خانے بنانے کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت دوران ماہ دومثالی وقار عمل کر کے تعمیر کا کام کیا۔ جس میں کل 70 احباب نے حصہ لیا۔

ریجن بو بو جلاسو کی جماعت سیکونا میں لوکل مشنری کی رہائش گاہ کا انتظام کرنے کے لیے مقامی جماعت نے اپنی مدد آپ کے تحت پہلے گارے سے مٹی کی اینٹٰیں بنائیں اور پھر ان اینٹوں سے رہائش گاہ تعمیر کی۔

ذیلی تنظیمیں

مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو نے دوران ماہ 5 فروری کو نیشنل عاملہ اور قائدین علاقہ جات کی دو میٹنگز مرکز میں منعقد کیں۔

مجلس انصار اللہ نے دوران ماہ 12 فروری کو ایک نیشل مجلس عاملہ اور قائدین مجالس کے ساتھ مرکز میں میٹنگ کی

مجلس انصار اللہ ریجن بورومو نے انصار اللہ کی قرآن کلاس کا انعقاد کیا جس میں ناظرہ نہ جاننے والے انصار کو قاعدہ یسرناالقرآن شروع کروایا گیا۔

خدمت خلق
بینائی کا تحفہ

ریجن پو میں جماعت احمدیہ کی فلاحی تنظیم ہیومینٹی فرسٹ کے پروگرام گفٹ آف سائٹ کے تحت فری آئی کیمپ کاانعقاد کیا گیا یہ کیمپ 15تا 19 فروری 2022 تک رہا اس میں 259 مریضوں کا معائنہ کیا گیا جس میں سے 74 مریضوں کا مفت علاج کیا گیا 62 مریضوں کو مفت نظر کی عینک بناکر دی گئی 111 مریضوں کا مفت آنکھوں کا کیٹاریکٹ آپریشن کیا گیا۔

جلسہ سالانہ برکینا فاسو

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ ماہ مارچ کے آخر پر ہر سال جماعت احمدیہ برکینا فاسو کو اپنا سالانہ جلسہ منعقد کرنے کی توفیق عطا ہوتی ہے ان شاء اللہ امسال بھی 25 تا 27 مارچ 2022 یہ 30واں جلسہ منعقد کیا جائے گا اور اس کی تیاری کے لیے دوران ماہ ملک کے تمام ریجنز میں اشتہارات، دعوت نامے اور رجسٹریشن کارڈز ارسال اور تقسیم کا کام جاری رہا۔ مندرجہ ذیل ریجنز میں نمایاں کام کیا گیا۔

ریجن بوبو جلاسو کی جماعت سیکونا میں اجتماعی نماز تہجد باقائدہ انتظام کیا گیا اور جلسہ کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ریجن واگا ڈوگو میں ماہ کے آغاز سے ہی ہر اتوار کو مقامی خدام جمع ہو کر بستان مہدی میں جلسہ کی جگہ تیار کرنے کے لیے وقار عمل کرتے رہے ہیں۔

ریجن بوبو جلاسو میں قائم جماعتی ریڈیو سٹیشن میں جلسہ کے حوالے سے خاص پروگرام بنا کر نشر کیے گئے۔

بورومو ریجن میں جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کی تیاری کے لیے اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات کو جمع کرنے کے لیے اجلاس منعقد ہوا پلاننگ کی گئی۔

بانفورا ریجن کی جماعت دونا میں بھی تیاری شمولیت جلسہ سالانہ کے سلسلہ میں اجلاس منعقد کیا گیا۔

ریجن ددگو کی جماعت سافانے،نانا، ماکونگو، سرالو اور کونا نے جلسہ میں شمولیت اوراس کی پلاننگ کےلیے ایک اجلاس منعقد کیا۔

(محمد اظہار احمد راجہ۔مبلغ سلسلہ برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

رمضان کے تیسرے عشرہ (آگ سے نجات) اور اس کے متعلق حضرت مسیحِ موعودؑ کی دعائیں

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ