• 14 مئی, 2025

ایڈیٹر کے نام خطوط

• مکرم انجینئر محمود مجیب اصغر تحریر کرتے ہیں :
آج 10 ستمبر 2021ء (جمعہ) کے شمارے میں ابوسدید صاحب کا محققہ و مرتبہ مضمون بر صغیر کے حاذق اور ماہر طبیب (یعنی حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام) بہت پسند آیا ہے۔

؎ وہ خزائن جو ہزاروں سال سے مدفون تھے
میں وہ دیتا ہوں اگر کوئی ملے امید وار

• مکرمہ بشریٰ نذیرآفتاب۔ سسکاٹون، کینیڈا سے لکھتی ہیں :
الحمد للہ ثمَّ الحمد للہ! ’’کتاب تعلیم کی تیاری‘‘ کی دس اقساط روزنامہ الفضل آن لائن کی زینت بن چکی ہیں۔ اگلی اقساط کابھی بیتابی سے انتظار رہے گا۔ حضرت مسیحِ موعود و مہدی معہود علیہ السَّلام کی معرکہ آ را تحریرات ہوں یا آپ کے ایمان افروزاور دلوں کو گرما دینے والے ملفوظات جوبھی سعید فطرت ان روحانی خزائن کا مطا لعہ خلوصِ نیت سے کرتا ہے وہ ضرور روحانی وپاک تبدیلی اپنے اندر محسوس کرتا ہے۔ آپؑ نے کیا خوب فرمایا ہے:۔

؎ وہ خزائن جو ہزاروں سال سے مدفون تھے
میں وہ دیتا ہوں اگر کوئی ملے امید وار

مدیرِ محترم !لا ریب ہم احمدی بہت ہی خوش قسمت ہیں جنہیں امام الزَّمان علیہ السَّلام کو ماننے کا موقعہ ملا۔ آج خواہ دنیائے اسلام کے اندر نظر ڈالیں یا اس سے با ہرکی دنیا پر ہر طرف بد امنی، افرا تفری اور نفسا نفسی کا عالم ہے۔ مگر اس کے برعکس ہم افرادِ جماعت، خلافتِ احمدیہ کی ٹھنڈی چھاؤں تلے پیارے آقا سیدنا و امامنا ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہٖ العزیز کے بابرکت ارشادات و فرمو دات کی روشنی میں اپنی زندگیاں سنوار رہے ہیں۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک۔ اللہ تعالی ٰدینی اور دنیوی علوم سے مزیّن اخبار ’’روزنامہ الفضل آن لائن‘‘ کی تیاری میں حصہ ڈالنے والے تمام ممبران ٹیم کو بہترین جزا دے۔ آمین

• مکرمہ ناصرہ احمد۔ بریمٹن کینیڈا سے تحریر کرتی ہیں :
الفضل سے شروع ہی سے لگائو ہے۔ میں جب سیرالیون میں تھی تو مشن سے الفضل اٹھا کر گھر لے آتی جسے باقاعدگی سے پڑھتی اور پتا چل جاتا کہ دنیا بھر میں کیا ہو رہا ہے۔ اب آن لائن الفضل بہت مزے دار ہوتا جارہا ہے۔ نت نئے علمی و تربیتی مضامین کے اضافے نے الفضل میں دلچسپی بڑھا دی ہے۔ ہمارے ہاں 7بجے الفضل لانچ کر جاتا ہے اس کے بعد سب سے پہلا کام الفضل کا مطالعہ ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ دن دوگنی رات چوگنی ترقی الفضل کو عطا کرتا رہے آمین۔

میرا اسی ماہ ایک آپریشن ہے۔ قارئین سے ہر طرح کی پیچیدگیوں سے محفوظ رہنے اور کامل و عاجل شفاء کے لئے قارئین سے دعا کی درخواست ہے۔

• مکرمہ طاہرہ زرتشت منیر۔ ناروے سے لکھتی ہیں۔
آپ کا پُر خلوص شفقت نامہ موصول ہوا۔ دلی خوشی ہوئی کہ آپ اپنے معمولی اورنکمے لکھاریوں کو بھی یاد رکھتے ہیں۔ نیز اس بات سے خوب با خبر رہتے ہیں کہ کس کس نے اپنا فرض ادا کر کے وعدہ پورا نہیں کیا۔ اپنے میاں کو آپ کے ارشاد کے مطابق سلام پہنچا کر آپ کی طرف سے احوال بھی دریافت کر لیا ہے۔

اس بات کا مجھے شدید احساس ہے کہ گزشتہ تین ماہ سے خاکسار نے کچھ لکھا نہیں۔ اس لئے کہ تین جون2021ء کو میرے میاں کے ساتھ حادثہ پیش آنے کے باعث میں بھی صدمہ ہی کی کیفیت میں رہی اور اب میں اللہ تعالیٰ کے خاص فضل اور پیارے آقا کی دعاؤں سے اس قابل ہوئی کہ اپنے کام سنبھال سکوں اور ذمہ داری نبھا سکوں۔ مجھے علم ہے کہ غم کی کیفیت میرا قلم زنگ آلود ہوجاتا ہے۔ جبکہ بعض لوگ ایسی کیفیت میں زیادہ لکھتے ہیں۔ گذشتہ تین ماہ میں خاکسار نے کوئی ایک شعر بھی نہیں لکھا۔ جس کا مجھے خود بھی احساس ہے۔ اب کوشش کروں گی کہ کچھ نہ کچھ جلد لکھ کر بھجواؤں۔ آپ کے اخلاص اور حوصلہ افزائی کے لئے نہایت شکر گزار ہوں۔ الفضل ربوہ کی طرح الفضل آن لائن کا معیار بھی اللہ تعالی کے فضل سے بہت بلند اور اعلی ہو گیاہے۔ اللہ آپ سب کا حامی و ناصر ہو۔

• مکرمہ مریم رحمان لکھتی ہیں۔
اللہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کی ساری ٹیم کو بہترین جزاء عطا فرمائے اور ہمیشہ اپنے فضلوں سے نوازے آمین۔اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے روز صبح صبح ارشاد باری تعالیٰ، فرمان رسول ﷺ، حضرت سلطان القلمؑ کے رشحات قلم، فرمان خلیفہ ٔوقت، دربار خلافت کے خزینے نصیب ہوتے ہیں ’’This Week with Hazur‘‘ کا تحفہ بہت اچھا لگا اس کا اب انتظار رہے گا۔ آپ کا اداریہ ’’کرونا وائرس سے حفاظت اور سادگی اپنانے کی ضرورت‘‘ آج کل کے حالات کے عین مطابق تھا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ان پر عمل کرنے کی بھی توفیق دے۔ سارے مضامین بہت عمدہ ہوتے ہیں۔ آپ سے حضرت خلیفۃ المسیح الاول حضرت حکیم مولوی نور الدین ؓ کی مبارک سیرت، خدمات بابت تفسیر قرآن کریم، آپؓ کے حکمت و علم کے معارف، آپؓ کی استحکام خلافت کے لئے خدمات، آپؓ کا حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے عشق کے مضامین پر روشنی ڈالنے کی درخواست ہے۔ جزاکم اللہ احسن الجزاء۔

اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے اخبار ’روزنامہ الفضل آن لائن لندن‘ کو اسی طرح کامیابیوں سے نوازتا چلا جائے اور سب کو اس سے مستفید ہونے کی توفیق دے آمین۔

(نوٹ از ایڈیٹر: اللہ تعالی نے آنمحترمہ کو علم اور قلم کے زیور سے آراستہ کر رکھا ہے۔ ادارہ آپ سے ہی اس اہم اور مبارک سلسلہ پر قلم اٹھانے کی درخواست کرتا ہے۔ سب سے اول حضرت خلیفہ المسیح الاول رضی اللہ عنہ کے خطبات و خطبات سے بعض اہم تربیتی، علمی اقتباسات اور عرفان پر مشتمل نکات قسط وار بھجوانا شروع کریں۔ اللہ آپ کی تائید و نصرت فرمائے۔

حضرت خلیفۃ المسیح الاول کے بیان فرمودہ حقائق و معارف کو الفضل آن لائن کا حصہ بنانے کے لئے قارئین کرام سے بھی درخواست ہے۔)

٭٭٭

پچھلا پڑھیں

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی انصار اللہ، کو زریں نصائح

اگلا پڑھیں

چھوٹی مگر سبق آموز بات