• 16 مئی, 2024

پان افریقن امن کانفرنس ۔ گلاسگو اسکاٹ لینڈ

مورخہ 9نومبر 2019ء کو جماعت احمدیہ گلاسگو نے اپنی سالانہ امن کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس سال یہ کانفرنس افریقہ سے تعلق رکھنے والے مہمانوں کیلئے مختص کی گئی تھی جس میں خصوصی طور پر افریقن دوستوں کے ساتھ ساتھ دوسرے مقامی اسکاٹش مسلم و غیر مسلم احباب کو بھی مدعو کیا گیا۔ اس کانفرنس کا اہتمام افریقن سینٹر گلاسگو کے ہال میں شام 4 بجےکیا گیا جس میں قرآنِ کریم کی ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم اور انگریزی ترجمہ سے ہوا۔ مکرم احمد اووزو کونیڈوسیکرٹری تبلیغ گلاسگو نے جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا جس کے بعد مولانا عبدالغفار مربی سلسلہ نے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام پڑھ کر سُنایا۔ یہ پیغام حضورانور نے ازراہ شفقت پان افریقن امن کانفرنس 2019ء لندن کیلئے بھجوایا تھا جس میں افریقہ کے احباب کو مخاطب کیا گیا ہے۔ اس کے بعد دو عدد جماعتی تعارف اور افریقہ میں جماعت کی مساعی کے متعلق ویڈیو پروگرام دکھائے گئے جس میں ہیومینیٹی فرسٹ کے افریقہ میں جاری منصوبہ جات کا بھی ذکر تھا۔ اس کے بعد درج ذیل مہمانوں نے مختصر خطاب کیا اور جماعت احمدیہ کی افریقہ میں جاری انسانیت کی خدمات کو سراہا۔

Mr. Obinna Odebeatu – Chairman, Igbo Welfare Union Glasgow •
Mr. Frank Nyame – Chairman, Ghana Welfare Association Scotland •
Chief Josephine Oboh-MacLeod – Founder/CEO J.O.M. Charity •
Mr. Deji Smith – Chairman, Nigerian Association Scotland •
Mr. Mo Sonnie – President, Union of Liberian Organisations, UK •
Mr. Andy MacArthur – Glasgow Children’s Hospital Charity •
Rt. Hon. Alison Thewliss MP – SNP MP for Glasgow Central •

اس کانفرنس کے مہمانِ خصوصی مکرم ٹامی کیلن صدر پان افریقن احمدیہ ایسوسی ایشن برطانیہ نے خطاب کیا اور اپنی تنظیم کے مقاصد ، افریقہ میں جماعت کی خدمات اور نظامِ خلافت کے متعلق تفصیلی روشنی ڈالی جسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔ آخر میں افریقن سنٹر گلاسگو کے بانی چیف جناب آمو لوگوٹے نے سب مہمانوں اور مقررین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس امن کانفرنس میں شرکت کی اور کہا کہ انہوں نے اسلام احمدیت کی امن کے بارہ میں تعلیم کے متعلق بہت کچھ سیکھا ہے۔ مہمانوں کو سوالات کرنے کا بھی موقعہ دیا گیا جس کے جوابات جماعت کے مربیان نے پیش کئے۔ اس پروگرام کا اختتام دُعا سے ہوا جو مولانا داوٴد احمد قریشی مبلغ انچارج اسکاٹ لینڈ نے کروائی۔ اس کانفرنس میں 70سے زائد غیر مسلم مہمانوں سمیت 110مہمانوں نے شرکت کی جنہیں شام کا کھا نا پیش کیا گیا۔

(ارشد محمود ۔ گلاسگو)

پچھلا پڑھیں

سونف امراض جگر و معدہ کیلئے مفید

اگلا پڑھیں

چھٹےسالانہ اولڈبرج سروس ایوارڈز جماعت احمدیہ سنٹرل جرسی۔امریکہ کی تقریب