• 10 دسمبر, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 15؍ستمبر 2022ء بروز جمعرات 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ حاضر اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ نسیم بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم عبد اللطیف صاحب (سابق امیر ضلع سکھر و خیر پور حال یوکے)

10؍مئی 2022ء کو 72سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دو صحابہ حضرت مولوی جلال الدین صاحب رضی اللہ عنہ آف کھریپڑ کی پوتی اور حضرت مولوی اللہ بخش خان زیروی صاحب رضی اللہ عنہ کی نواسی تھیں۔ آپ کے والد مکرم صوبیدار شرافت احمد صاحب کو وقف کر کے وقف جدید میں خدمت کی توفیق ملی۔ مرحومہ نے جمالپور سندھ اور دارالنصر غربی حلقہ اقبال کی صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ بچوں اور بڑوں کو قرآن کریم بھی پڑھاتی رہیں۔ انگلستان ہجرت کے بعد بریڈفورڈ اور لندن میں بھی بچوں کو قرآن کریم پڑھانے کی توفیق ملی۔ بہت مہمان نواز تھیں۔ مرکزی مہمانوں کا خاص خیال رکھتی تھیں۔ گاؤں میں غریب مزارعوں کی باقاعدگی کے ساتھ مدد کرتیں جن میں ہندو بھی شامل تھے۔ لندن آکر بھی انہیں رقم بھجواتی رہیں۔ گھر میں صدقہ کے لئے ایک ڈبہ رکھا ہوا تھا جس میں روزانہ کچھ نہ کچھ صدقہ ڈالتی رہتی تھیں۔ تہجد گزار اور نمازوں کی پابند تھیں۔ چندوں میں باقاعدہ تھیں۔ سیرا لیون میں ایک مسجد تعمیر کروانے کی بھی سعادت ملی۔خلافت کے ساتھ بے انتہا محبت تھی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں خادند کے علاوہ ایک بیٹی اور تین بیٹے اورکثیر تعداد میں پوتے پوتیاں نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ ان کے داماد مکرم عمار المسکی صاحب وکالت تبشیر میں اوربیٹے مکرم عطاء النصیر صاحب یونان میں بطور مبلغ سلسلہ خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرم زبیر مولیٰ خان صاحب (بنگلہ دیش)

5؍اگست 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے 1993ء – 1994ء میں بیعت کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد کچھ عرصہ سڈنی آسٹریلیا میں رہے۔ پھر واپس آکر احمدی گھرانے میں شادی کی اور اللہ تعالیٰ نے ایک بچی سے آپ کو نوازا۔ تبلیغ کا بہت شوق تھا اور جہاں بھی موقعہ ملتا پیغام حق پہنچانے کی بھر پور کوشش کرتے تھے۔ مرحوم بڑے صابر وشاکر نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔

-2 عزیزم عبد الماجد (واقف نو۔بنگلہ دیش)

14؍اگست 2022ء کو 32سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم حضور انور کی ہدایات پر Accounting کی تعلیم حاصل کررہے تھے۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار بہت محنتی، مخلص، باوفا اور صابر وشاکر نوجوان تھے اور اللہ کے فضل سے موصی تھے۔آپ محترمہ ریحانہ خیر صاحبہ (صدر لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش) کے بیٹے تھے۔

-3 مکرمہ رضیہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الرحیم نذیر صاحب (ربوہ)

29؍اگست 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، اچھے اخلاق کی مالک، بہت نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

-4 مکرم حفیظ احمد صاحب

24؍جولائی 2022ء کو 70سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم جماعت کا درد رکھنے والے، خلافت کے وفادار ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بچے شامل ہیں۔

-5 مکرمہ ثریا بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الحفیظ صاحب (قادیان)

2؍جون 2022ء کو 69سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ کو اپنے اہل سنت والجماعت خاندان میں سے احمدیت قبول کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ 1982ء میں بیعت کے بعد شادی کرکے قادیان آگئیں۔ آپ مکرم گیانی عبد اللطیف صاحب درویش مرحوم آف قادیان کی بڑی بہو تھیں۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، خوش مزاج، مہمان نواز اور قناعت شعار خاتون تھیں۔ خلافت سے والہانہ اخلاص کا تعلق رکھنے والی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے شامل ہیں۔ آپ مکرم طاہر احمد حفیظ صاحب (مربی سلسلہ نظارت اصلاح وارشاد جنوبی ہند) کی والدہ تھیں۔

-6 مکرم بشیر احمد صاحب ابن مکرم فضل دین صاحب (بشیر آباد۔ربوہ)

20؍اپریل 2022ء کو78سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، بڑے شفیق، ہمدرد اور مخلص انسان تھے۔ ایم ٹی اے بڑی باقاعدگی سے دیکھتے تھے۔ خدام الاحمدیہ کے شعبہ عمومی میں خدمت کی توفیق پائی۔لنگر خانہ دارالصدر کی ٹینکی کی تعمیر کے وقت آپ کو کچھ عرصہ اسیر راہ مولا ہونے کی سعادت ملی۔

-7 مکرم قاضی مبارک احمد صاحب ابن مکرم قاضی عبد الحمید صاحب درویش مرحوم قادیان)

21؍مئی 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم پنجگانہ نمازوں کے پابند، سادہ مزاج، ملنسار، صابر وشاکر انسان تھے۔ صدر انجمن احمدیہ کے مختلف ادارہ جات میں بطور کارکن خدمت کی توفیق پائی۔ محنت اور لگن سے کام کرنے والے تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹے شامل ہیں۔ آپ مکرم عطاء الحئی قاضی صاحب (معلم سلسلہ نظارت اصلاح وارشاد مرکزیہ قادیان) کے والد تھے۔

اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل آن لائن مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 19۔ حصہ اول)