• 20 اپریل, 2024

چودہواں سالانہ ریجنل جلسہ گراں لاؤو، آئیوری کوسٹ

گراں لاؤو (Grand-Lahou) ریجن کو امسال اپنا چودہواں سالانہ ریجنل جلسہ مورخہ 26 اور 27 مارچ 2022 بروز ہفتہ اتوارمنعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ جس میں امیرومشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب نے مع اراکین مجلس عاملہ بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔یہ جلسہ بمقام ناندی بو ایک (Nandibo-1) منعقد ہوا۔ ریجنل جلسہ کے انتظامات خاکسار (مکرم لقمان فرید احمد صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ) کی نگرانی میں انجام پائے۔ جس کے لئے جلسہ سے قبل ایک کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا نیز انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے متعدد میٹنگز بھی کی گئیں۔ اسی طرح ریجن کی تمام جماعتوں میں باقاعدہ جلسہ میں شمولیت کے پیغامات بھجوائے گئے۔ جلسہ میں شرکت کے لیے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ ایک روز قبل بروز جمعۃ المبارک ہی شروع ہو گیا تھا چنانچہ اسی روز سے ہی شعبہ حاضری نے اپنا کام شروع کر دیا۔

امیر صاحب آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب نیشنل عاملہ کے ممبران کے ساتھ بروز ہفتہ 26 مارچ کو جلسہ گاہ پہنچ گئے۔ جلسہ کا باقاعدہ آغاز بروز ہفتہ بعد نماز ظہرو عصر لوائے احمدیت وقومی پرچم لہرانے کے ساتھ ہوا۔ صدارت مکرم امیرو مشنری انچارج صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور فرنچ زبان میں ترجمہ کے بعد نظم پڑھی گئی۔ جس کے بعد مکرم با مبا کوتوبو صاحب نے مقامی روایات کے مطابق حاضرین جلسہ کو خوش آمدید کہا۔ جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے افتتاحی خطاب بعنوان ’’مثالی احمدی، حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات کی روشنی میں‘‘ فرمایا۔ بعدازاں مکرم صلہ ابراہیم صاحب لوکل معلم سلسلہ نے حضرت مسیح موعود ؑ کی آمد کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم صدیق جالو صاحب نے حضرت محمد مصطفی ﷺ کی زندگی کےبعض پہلوؤں سے روشنی اخذ کر کے بکھیری۔اس تقریر کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور پہلے سیشن کا اختتام ہوا۔ بعدازادائیگی نماز مغرب و عشا مکرم امیر صاحب نے مختلف جماعتوں سے آئے ہوئے جماعتی نمائندگان کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس کے بعد حاضرین جلسہ کو کھانا پیش کیا گیا۔ کھانے کے بعد مجلس سوال و جواب ہوئی جس میں حاضرین جلسہ نے سوالات کئے اور معلمین و مبلغین سلسلہ کی جانب سے ان کےجوابات دیئے گئے۔

جلسہ کےدوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد اور فجر سے ہوا۔ جس کے بعد مکرم کو نے سلیمان صاحب نے نماز کی اہمیت کے موضوع پر درس دیا۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ نے ریجن سے آئے ہوئے خدام سے میٹنگ کی۔ دوسرے دن کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز صبح ساڑھے نو بجے تلاوت قرآن کریم اور فرینچ ترجمہ کے ساتھ ہوا۔ اس سیشن کی سب سے پہلی تقریر مکرم کونے عبدالکریم صاحب معلم سلسلہ نے نظام خلافت پر کی۔ اس کے بعد مکرم بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے نظام جماعت اور ہماری ذمہ داریوں کے موضوع پر تقریر کی۔بعد ازاں مکرم بامبا کوتوبو صاحب نے اپنے قبولیت احمدیت اور اپنی زندگی میں رو نما ہونے والے واقعات بیان کئے۔اس کے بعد مکرم کیئیما عمر صاحب نے مسلمان نوجوان نسل اور دہشت گردی کا رجحان کے موضوع پر تقریر کی۔بعد ازاں نیشنل صدران برائے ذیلی تنظیم انصار اللہ،خدام الاحمدیہ،لجنہ اماءاللہ نے خطاب کیا۔اس کے بعد جلسہ میں آئے ہوئے معزز مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مکرم امیر صاحب نے مہمانان خصوصی کو جماعتی لٹریچر پیش کیا۔جلسہ کی اختتامی تقریر مکرم امیر صاحب نے بعنوان ’’رمضان المبارک کی اہمیت‘‘ کی اور شاملین جلسہ کا شکریہ ادا کیا دعا کروائی اور جلسہ کا باقاعدہ اختتام ہوا۔نماز ظہر و عصر کے بعد کھانا پیش کیا گیا۔

بفضلہ تعالیٰ امسال ریجن گراں لاؤو کو اپنا چودہواں جلسہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسہ میں الحمد للہ شاملین کی کل تعداد 1068 رہی۔جس میں 17مختلف جماعتوں سے احباب جماعت نے شرکت کی۔جبکہ جلسہ میں مکرم امیر صاحب کے ساتھ نیشنل عاملہ کے بعض اراکین مثلا صدر صاحب خدام الاحمدیہ، نیشنل صدر صاحبہ لجنہ، نمائندہ صدر صاحب انصاراللہ و دیگر نے شرکت کی۔جبکہ اس جلسہ میں چھ لوکل معلمین اور دو سنٹرل مبلغین کرام بھی شامل ہوئے۔اس جلسہ میں کئی ایک مقامی غیر احمدی امام اور چار سیکیورٹی افسران نے بھی شرکت کی۔جلسہ کے دوران جماعتی کتب اور حضرت مسیح موعود ؑاور خلفا ئےسلسلہ کی تصاویر کی نمائش لگائی گئی جس سے بہت سے احباب جماعت اور غیر احمدی افراد نے استفادہ کیا۔اسی طرح عطیہ خون کا پرگرام بھی جلسہ کا حصہ تھا جس کے تحت 46 خون کی بوتلیں عطیہ کرنے کی توفیق ملی۔جلسہ کے پروگرامز کی تشہیر کے لئے سوشل میڈیا سے استفادہ کیا گیا۔نیز ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ نے بھی جلسہ کی کوریج کی اور بعد ازاں اسے یوٹیوب اکاونٹ پر اپلوڈ کیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کو افراد جماعت کی تربیت کا ذریعہ بنائے نیز شاملین جلسہ کو حضرت مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بنائے نیز جماعت گراں لاہو کے اموال و نفوس میں برکت عطا کرے۔ آمین

(رپورٹ: لقمان فرید احمد۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

دنیا کے حالات اور اسیران کے لئے دعا کی تحریک

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ