• 26 اپریل, 2024

اطلاعات اعلانات

اعتذار و تصحیح

اس اعلان کے ذریعہ قارئین کرام کو روزنامہ الفضل لندن کے شمارہ میں شائع ہونے والی دو غلطیوں کی نشاندہی اور درستیاں کرانا مقصود ہے ۔

1۔ روزنامہ الفضل لندن کے شمارہ 08؍ جون 2020ء صفحہ 12پر شائع ہونے والے مضمون ’’ایام حیض میں شریعت کے احکام‘‘ کے کالم نمبر دو میں زیر عنوان ’’ذکر الٰہی‘‘ یہ درج ہے:

’’عورتيں ايّامِ حيض ميں تلاوت کرسکتی ہيں بشرطِ کہ ان کے ہاتھ کو حيض کی نجاست نہ لگی ہو۔ قرآنِ کريم کو کسی صاف ستھرے کپڑے يا رومال پر رکھ کر بھی پڑھ سکتی ہيں۔‘‘

اس فقرہ کو کالعدم سمجھا جائے۔ ایسی حالت میں خواتین کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے درج ذیل ارشاد کے مطابق عمل کرنا چاہئے:

’’قرآن کریم، احادیث نبویہ صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات کی روشنی میں، خواتین کے ایام حیض میں قرآن کریم پڑھنے کے متعلق میرا مؤقف ہے کہ عورت کو قرآن کریم کا جو حصہ زبانی یاد ہووہ اسےایام حیض میں ذکرو اذکار کے طور پر دل میں دہرا سکتی ہے۔ نیز بوقت ضرورت کسی صاف کپڑے میں قرآن کریم کو پکڑبھی سکتی ہے اور کسی کو حوالہ وغیرہ بتانے کیلئے یا بچوں کو قرآن کریم پڑھانے کیلئے قرآن کریم کا کوئی حصہ پڑھ بھی سکتی ہے۔ لیکن باقاعدہ تلاوت نہیں کر سکتی۔

اسی طرح ان ایام میں عورت کو کمپیوٹر وغیرہ پر جس میں اسے بظاہر قرآن کریم پکڑنا نہیں پڑتا باقاعدہ تلاوت کی اجازت تو نہیں لیکن کسی ضرورت مثلاً حوالہ تلاش کرنے کے لیے یا کسی کو حوالہ دکھانے کے لیے کمپیوٹر وغیرہ پر قرآن کریم سے استفادہ سکتی ہے ۔ اس میں کوئی حرج نہیں۔‘‘

2۔ اسی طرح مذکورہ صفحہ پر اور مذکورہ کالم میں زیر عنوان ’’بہر حال خدا کے کلام کو پڑھنا اور سمجھنا جائز ہے‘‘ پر لکھا ہے کہ

’’حائضہ عورت ……اپنے کپڑوں اور جسم کی صفائی کے ساتھ مسجد کے اندر منعقد ہونے والی لجنہ کی ميٹينگز ميں شامل ہو سکتی ہے۔‘‘

اس فقرہ کو بھی کالعدم سمجھا جائے کیونکہ ایسی حالت میں خواتین لجنہ کی میٹنگز میں شمولیت کیلئے یا کسی اور کام کیلئے مسجد میں نماز پڑھنے والی جگہ پر نہیں بیٹھ سکتی۔

ادارہ اس سہو پر معذرت خواہ ہے۔ روزنامہ الفضل کے آن لائن ایڈیشن میں اس کی تصحیح کر دی گئی ہے۔

سانحہ ارتحال

نہایت افسوس کے ساتھ یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ مکرم ڈاکٹر عبد الحفیظ صاحب جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ سینٹرل جرسی، امریکہ کے بڑے بھائی مکرم عبد الحلیم صاحب ولد مکرم کیپٹن ڈاکٹر عبد المغنی صاحب مرحوم آف (حلقہ صادق آباد) راولپنڈی مورخہ 12 جون 2020ء کو بعمر 68 سال بقضائے الٰہی وفات پا گئے ہیں۔ انا للّٰہ و انا الیہ راجعون۔ اسی دن راولپنڈی میں تدفین عمل میں آئی۔

مکرم عبد الحلیم صاحب کی شادی مکرمہ صدیقہ بیگم صاحبہ بنت مکرم میاں اللہ بخش صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے 1983ء میں ہوئی۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو تین بچوں مکرم حماد غنی صاحب، مکرم جنید حلیم صاحب اور مکرمہ ملیحہ حلیم صاحبہ سے نوازا۔ آپ اپنی جماعت میں مختلف عہدوں پر جماعتی خدمات بجا لاتے رہے۔ نماز وں کے پابند اور خلافت کے فدائی تھے۔ اپنی اولاد کی تربیت بھی احسن رنگ میں کی۔ تمام بچے جماعت کی خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

مکرم عبدالحلیم صاحب مکرم پروفیسر عبد الرشید غنی صاحب کے بھتیجےتھے۔
اس سے قبل ان کے ایک بھائی مکرم عبد الشکور صاحب آف چکلالہ راولپنڈی، مورخہ 29دسمبر 2019ء کو اور مکرم عبدالحمیدصاحب صدر جماعت ٹنچ بھاٹا راولپنڈی، مورخہ 14 جنوری 2020 کو یکے بعد دیگرے وفات پا گئے تھے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ اس طرح مکرم ڈاکٹر عبد الحفیظ صاحب کو 6 ماہ سے کم عرصہ میں تین بھائیوں کی وفات کا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کے درجات بلند فرمائے،مغفرت کا سلوک فرمائے اور اپنے قرب سے نوازے۔ نیز لواحقین کو صبر اور حوصلے کے ساتھ ان صدمات کو برداشت کرنے کی توفیق دی۔ آمین

(طاہر مہدی امتیاز احمد۔مربی سلسلہ لندن)

سانحہ ارتحال

مکرم شاہد احمد چیمہ صاحب تحریر کرتے ہیں:
خاکسار کے والد محترم مبارک احمد چیمہ صاحب ابن مکرم چوہدری مشتاق احمد چیمہ صاحب دارالعلوم غربی ثناء ربوہ بعمر60سال مورخہ 6مارچ 2020ء بروز جمعۃ المبارک کو ایک لمبی بیماری کی باعث بقضاء الٰہی وفات پاگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مورخہ 7مارچ کو بعدا ز نماز ظہر بیت مبارک ربوہ میں محترم ناظر اعلیٰ و امیر مقامی نے نمازجنازہ پڑھائی۔ آپکی تدفین بہشتی مقبرہ دارالفضل میں ہوئی۔ تدفین کے بعد محترم پرائیویٹ سیکرٹر ی ربوہ نے دعا کروائی۔

والد صاحب کو 15سال سے زائد حفاظت مرکز کے تحت ڈیوٹی کرنے کی توفیق ملی۔جس میں محترم ناظر صاحب اعلیٰ کے ساتھ ڈیوٹی قابل ذکر ہے۔آپ نہایت خدمت گزار،،ملنسار اورخوش اخلاق طبیعت کے مالک تھے۔رشتہ داروں سے حسن سلوک کرتے، غریب پرور، مہمان نواز، مالی لین دین میں صاف اورجماعتی چندہ جات اول وقت میں ادا کرنے والے تھے۔جب بھی تحریک جدید یا وقف جدید کے نئے سال کا اعلان ہونے والا ہوتا،پہلے سے ہی حساب لگاتے اور حضور انور کے اعلان کے فورا بعد مکمل چندہ ادا کرتے۔

آپ نے پسماندگان میں اہلیہ اور والدہ کے علاوہ تین بیٹے مکرم راشد احمد چیمہ صاحب آف جرمنی، مکرم سیف الرحمن چیمہ صاحب آف یوکے اور خاکسار چھوڑے ہیں۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ والد محترم کے درجات بلند کرے ،جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبرجمیل کی توفیق عطا کرے ۔آمین

٭…٭…٭

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 جون 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 30 جون 2020ء