• 2 مئی, 2024

جماعت احمدیہ گیمبیا کے وفد کی صدر مملکت سے ملاقات

مؤرخہ 09؍نومبر 2022ء بروز بدھ کو مغربی افریقہ کے ملک گیمبیا کے صدر مملکت کو اپنی کیبنٹ کے بعض ارکان کے ساتھ مکرم امیر صاحب جماعت ہائے احمدیہ گیمبیا کی صدارت میں جماعت کے وفد سے ملنے کا شرف حاصل ہوا۔

جماعتی وفد میں مکرم امیر صاحب بابا ایف تراولے، نائب امیر سوم مکرم ابراہیم جم جاؤ، نیشنل سیکرٹری تعلیم مکرم الحاجی باہ، نیشنل سیکرٹری زراعت مکرم ابراہیم سوسے کوہلی، چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ گیمبیا مکرم کاؤسو کنٹے شامل تھے۔ جبکہ حکومتی وفد میں صدر مملکت مکرم آدما بارو، کیبنٹ سیکرٹری مکرم ابراہیم سیسے، حکومتی ترجمان مکرم ابراہیم جی سنکارے شامل تھے۔ کیبینٹ سیکرٹری مکرم ابراہیم سیسے نے ملاقات کی صدارت کی۔اور یہ ملاقات اسٹیٹ ہاؤس میں ہوئی۔

حکومتی وفد بشمول صدر مملکت نے جماعتی وفد کا بڑا پرتپاک استقبال کیا۔معمول کی تسلیمات کے بعد مکرم امیر صاحب اور صدر مملکت میں مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے صدر عزت مآب آدما بارو کو گزشتہ سال صدارتی انتخابات کے پرامن انعقاد اور موصوف کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے امن بہت اہم ہے اور جماعت احمدیہ کے افراد ہمیشہ کی طرح قانون کی پیروی اور ملکی امن کے فروغ کے لئے کوشاں رہیں گے۔ مکرم امیر صاحب نے کہا کہ گیمبیا ترقی کر رہا ہے اور جماعت ملکی ترقی میں مددگار بنتے ہوئے صحت، تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی۔ امیر صاحب نے جماعت کے اہم منصوبوں کے بارے میں بتایا کہ جماعت لوئر نیومی ڈسڑکٹ، نارتھ بینک ریجن میں ایک بین الاقوامی ٹیکنیکل کالج کی تعمیر اور انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدی آرکیٹیکٹس اینڈ انجینئرز کی سربراہی میں ایک زرعی ’’فوڈ باسکٹ پروگرام فار افریقہ‘‘ بنانے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس پروگرام کے کامیاب ہونے کی صورت میں افریقہ نہ صرف چاول کی پیداوار میں خود کفیل ہوجائے گا بلکہ یورپ کو بھی برآمد کرنے کی پوزیشن میں ہوگا اور یہی ہمارے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خواہش بھی ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لئے جماعت کو کم از کم پچیس سے تیس ہیکٹر جگہ درکار ہو گی جو حکومت ہمیں مہیا کرسکتی ہے۔

مکرم ابراہیم جی سنکارے حکومتی ترجمان نے مذکورہ بالا دونوں اداروں کی افریقہ اور گیمبیا کی ترقی کے لئے اہمیت کو اجاگر کیا اور جماعت کی کاوشوں کو سراہا۔

امیر صاحب نے جماعت احمدیہ کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ہیومینٹی فرسٹ ملک کے مختلف علاقوں میں صاف پانی مہیا کرنے کے لئے بیس بور کروا رہی ہے اور مزید بیس بہت جلد کروائے گی۔ اسی طرح جماعت سنٹرل ریور ریجن کے ایک گاؤں سارے مالنگ کو ماڈرن ویلج بنانے کے بعد اب دوسرے ریجنز میں بھی اس پراجیکٹ پر کام کرے گی۔ جہاں سولر پینل، تمام گھروں اور گلیوں میں لائٹس اور پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے گا۔ اسی طرح جماعت ویسٹ کوسٹ ریجن میں ایک معیاری ہسپتال بنانے پر کام کر رہی ہے جس کے لئے حکومت سے اس علاقہ میں زمین درکار ہوگی۔

امیر صاحب نے مزید بتایا کہ اب دانتوں کے مسائل کے لئے کسی کو سینیگال جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ کیونکہ بہت جلد ہم اپنے ڈینٹل ہسپتال میں سرجری کے لئے جدید مشینیں لگا رہے ہیں۔

صدر مملکت جناب آدما بارو نے جماعت احمدیہ کو گیمبیا اور انسانیت کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ صدر نے بالخصوص صحت اور تعلیم کے شعبوں میں معیاری خدمات انجام دینے پر جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نصرت ہائی اسکول یہ جماعتی سکول ہے گیمبیا کی تعلیم اور ترقی میں جماعت کی نمایاں شراکت کا اظہار کرتا ہے اور ایک اسکول آف ایکسیلینس اور ڈسپلن کی حیثیت سے نصرت سکول گیمبیا میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ صحت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ٹلنڈنگ میں احمدیہ مسلم ہسپتال نسبتاً سستا ہے اور ڈاکٹروں کی ایک انتہائی منظم ٹیم مریضوں کو اعلیٰ معیار کی طبی خدمات فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت ایک سنجیدہ اور منظم ادارہ ہے جو ہمارے ملکی ترقی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں جماعتی وفدکو خوش آمدید کہا گیا۔ یہ ملاقات بہت خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے صدر مملکت کو چند جماعتی کتب تحفۃً پیش کیں، جن میں لوکل زبانوں میں جماعت کے مطبوعہ ترجمہ قرآن کی کاپیاں، جماعتی رسائل ریویو آف ریلیجن اور الاسلام اور دیگر کتب شامل تھیں۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ملاقات کو بابرکت بنائے اور حکومتی عہدیداران کے سینے کھولے اور وہ زمانے کے امام کو ماننے کی توفیق پائیں۔ آمین

(مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل آئن لائن گیمبیا)

پچھلا پڑھیں

نطم

اگلا پڑھیں

عشق جب بھی کیا والہانہ کیا