• 5 مئی, 2024

حُبُّ الوَطَنِ مِنَ الْاِیْمَان

تقاریب نیشنل ڈے برکینا فاسو

برکینا فاسو ،مغربی افریقہ کا ایک فرانکو فون ملک ہے جس کی حکومتی اور دفتری زبان فرنچ ہے اس کا پہلا نام ریپبلک آف اپر وولٹا تھا جو کہ 1984ءمیں تبدیل کر کے برکینا فاسو رکھا گیا ۔یہ ریپبلک آف اپر وولٹا۔11 دسمبر 1958 ءمیں فرانسیسی کالونیوں میں سےایک خود مختار فرنچ کالونی بنا اور پھر 1960 ءمیں اس نےآزادی حاصل کی ۔اس کے ہمسایہ ممالک میں مشرقی جانب نائیجر،مغرب اور شمال میں مالی اور جنوب میں بینن،ٹوگو،گھانااور آئیوری کوسٹ شامل ہیں۔

یہاں دسمبر کا پورا مہینہ ہی جشن رہتا ہے شروع میں قومی دن کی تقریبات اور جشن پھر کرسمس اور پھر نیا سال اس ماہ دسمبر کو جگ مگ جگ مگ کئے رکھتا ہے ۔ہر سال کی طرح اس سال بھی 11دسمبر کو جماعت احمدیہ برکینافاسو نےقومی دن بھر پور طریقہ سے منایا ۔جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں اس دن کی تقریبات کا آغاز صبح سویرے ہی ہو گیا پہلے طلباء جامعہ نے ملکی جھنڈا اور لوائے احمدیت اٹھا کر جامعہ کے بالکل باہر اہم شاہراہ پر جو کہ برکینا فاسو کو گھانا سے ملاتی ہے اورارد گرد کی آبادیوں میں فوجی مارچ کیا جھنڈوں کے علاوہ طلباء کےمختلف دستوں نے جماعت احمدیہ کا نام اور حب الوطنی کے موضوع پر بڑے بڑے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے ،جہاں بڑی آبادی آتی وہاں رک کر طلباء قومی ترانہ پڑھتے اور مارچ جاری رہتا اس فوجی مارچ کے اختتام پر جامعہ میں موقعہ کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا تھا جس میں حکومتی نمائندوں میئر اور کمشنر کو مدعو کیا گیا تھا ۔

تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے کیا گیا جس میں قومی جھنڈا نمائندہ کمشنر ودراؤگوحسین اور لوائے احمدیت مکرم حافظ منظور احمد نمائندہ امیر صاحب برکینا فاسو نے لہرایا اس کے ساتھ طلباء نے قومی ترانہ اور نعرہ ہائے تکبیر اور نعرہ احمدیت بلند کئے ۔اس کے بعد باقاعدہ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور کلام حضرت مسیح موعودؑ معہ فرنچ ترجمہ سے کیا گیا اس کے بعد ایک زیر تبلیغ دوست مکرم ودراؤگوعثمان جو کہ حکومتی ٹیچر ہیں کو برکینا فاسوکی تاریخ پر لیکچر دینے کے لیے مدعو کیا گیا تھا لیکچر کے اختتام پر طلباء کے سوالات کے جواب دیئے گئےاور اس کے بعد نمائندہ امیر صاحب نے حب الوطنی کے موضوع پر اظہار خیال کیا اس کے بعدجناب کمشنر کے نمائندہ نے اپنے خطاب میں جماعت کے اس اقدام کوسراہا اور اسے وقت کی ضرورت قراردیا اور اسلام کا یہ پیغام اور یہ طریقہ بہت پسند کیا اور آئندہ بھی شامل ہونے کی تمنا ظاہر کی اور جماعت کو یہ طریقہ جاری رکھنے کا کہا۔دعا سے قبل لیکچرار کو حضرت خلیفہ المسیح الرابع ؓ کی کتاب اسلام اورعصر حاضر کے مسائل اور ان کا حل کا فرنچ ترجمہ پیش کیا گیا اور اسی طرح نمائندہ کمشنر کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب عالمی بحران اور امن کی راہ کا فرنچ ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا گیا اس کے بعد اس تقریب کا اختتام ہوا۔

اسی سلسلہ میں حکومتی سطح پر اس دن کو منانے کے لیے ہر سال ایک ریجن کا انتخاب ہوتا ہے اس مرتبہ حکومتی تقریبات ٹینکو ڈوگوریجن میں منعقد کی گئیں ۔یہاں بھی جماعت نے اللہ کے فضل سے دو بڑے سٹال خریدے اور اس میں کتب اور جماعتی لٹریچر کی نمائش منعقد کی جو کہ 4دسمبر سے شروع ہوئی اور 12 دسمبر تک جاری رہی وہ تمام مہمانان جو کہ اس حکومتی تقریبات کو دیکھنے کے لئے گئے ان کے لئے جماعتی پیغام پہنچانے اور تبلیغ کے لیے یہ سٹال موجود تھا ۔جس کے باہر حضرت مسیح موعود ؑ کی ایک بڑی اور نمایاں تصویر رکھی گئی تھی ۔ایک حصہ میں جماعتی کتب اور لٹریچر اور برکینا فاسو میں جماعت کی خدمات اور احمدیہ مشن کی معلومات کےساتھ ساتھ اسلام امن کا مذہب اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے،کے موضوع پر ارشادات آویزاں کئے گئے تھے اور دوسرے حصہ میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا تعارف اور دنیا میں قیام امن کی کوششوں پر مبنی خدمات اور کتاب عالمی بحران اور امن کی راہ کا فرنچ ترجمہ کے ساتھ مختلف ایوانوں اور پارلیمنٹ میں دورہ جات کی تصاویر اور معلومات اور حضور انور کی طرف سے مختلف سربراہان کو لکھے گئے خطوط کی بڑے سائز میں پرنٹ کر کے آویزاں کیا گیا تھا ۔ تاثرات میں ایک بڑی تعداد کے لوگوں نے کہا کہ اسلام کی یہ تعلیم اور پیغام بھی خوبصورت ہے اور جماعت احمدیہ جو کہ اس پیغام کو پیش کر رہی ہے وہ بھی صرف اسی کا ہی کام ہے ۔اس سٹال پر حکومتی نمائندہ جناب ڈپٹی یعقوب جو کہ جماعت کو جاننے والوں میں سے ہیں اپنے ہمراہ حکومتی وفد لے کر آئے اور خود ان کو تعارف بھی کرواتے رہےاسی طرح اس ریجن کے بڑے ریجنل چرچ کےجناب پاسڑبھی بغور معائنہ کرتے رہے اور کہا کہ واقعی اسلام کا دین امن کاہی درس دیتا ہے اور شدت پسندی کے خلاف ہے ۔الحمدللہ لوگوں نے اس جماعتی سٹال میں بڑی دلچسپی ظاہر کی اور یوں یہ بھی ایک تبلیغ کا بڑا ذریعہ ثابت ہوا۔

پچھلا پڑھیں

خطبہ جمعہ کا خلاصہ مورخہ 27 دسمبر 2019ء بمقام مسجد بیت الفتوح لندن

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 31 دسمبر 2019