• 4 مئی, 2025

سیرالیون میں سال نو کے آغاز پر نماز تہجد اور ملک گیر وقار عمل

امیر صاحب سرالیون کی ہدایت پر سال نو کے آغاز پر ملک بھر کی جماعتوں میں نماز تہجد اور وقار عمل کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلہ میں مبلغین کرام کے ذریعہ جماعتوں کو اس بارہ میں سرکلر کئے گئے اور مقامی جماعتوں، ذیلی تنظیموں خصوصا خدام الاحمدیہ و انصاراللہ سرکٹ مشنریز اور معلمین نے اس بارہ میں بھرپور تعاون کیا۔

نماز تہجد کے بعد جماعت کے ممبران نے اپنی اپنی جماعتوں میں، مساجد کے اردگرد، شہروں و گاؤںکی اہم سڑکوں اور گلیوں کی وقارعمل کے ذریعہ صفائی کی۔ان کے علاوہ جن جگہوں پر وقارعمل ہوئے ان میں مقامی ہسپتال اور پولیس سٹیشن بھی شامل ہیں۔ یہ وقار عمل نماز فجر کے بعد شروع ہوئے اور دن 10 بجے تک جاری رہے۔

خدا کے فضل سے ان وقارعمل کے ذریعہ بہت سے لوگوں کو جماعت کا تعارف ہوا اور اکثر لوگ اس بات کا اظہار کرتے رہے کہ جماعت احمدیہ کے ممبران ہی ایسا منظم اور فعال کام کرسکتے ہیں۔ مقامی انتظامیہ کو اس بارہ میں پہلے ہی اطلاع کردی گئی تھی اور اکثر شہروں میں مقامی کونسل نے شرکاء کو صفائی کے آلات بھی مہیا کئے اور بعض جگہوں پر کونسل کی کوڑا اٹھانے والی گاڑیاں شرکاء کے ساتھ ساتھ چلتی رہیں۔

مقامی ریڈیو سٹیشن اور ذرائع ابلاغ نے بھی ان وقار عمل کو بھرپور کوریج دی۔ بعض لوگوں نے جماعت احمدیہ مسلم ریڈیو پر فون کرکے بھی ان اقدامات کو سراہا۔ جن میں ایک پارلیمینٹیرین بھی شامل ہیں۔ جب ایک مصروف سڑک پر خدام وقار عمل کر رہے تھے تو وہاں کی ایک مسجد کے ممبران نے باہر آکر ان سے اس بارہ میں پوچھا تو ان کو بتایا گیا کہ یہ سال نو کے آغاز پر تہجد کے بعد ہم یہ وقار عمل کررہے ہیں تو اس پر وہ بہت حیران بھی ہوئے اور خوشی کا اظہار کیا۔

ملک بھر میں ہزاروں احمدیوں نے نماز تہجد باجماعت ادا کی اور ان وقار عمل میں حصہ لیا۔

پروگرام کے اختتام پر شرکاء کی ریفریشمنٹ بھی کروائی گئی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمارے لئے سال نو کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور ہم خلافت احمدیہ کے زیر سایہ اپنی ذاتی اصلاح کرتے ہوئے جماعت اور دنیا بھر کے لئے مفید وجود بننے والے ہوں۔ آمین

(عبدالہادی قریشی، نمائندہ سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

جلسہ سالانہ بینن

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 25 جنوری 2020