• 27 اپریل, 2024

سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد جامعہ احمدیہ تنزانیہ

جامعہ احمدیہ تنزانیہ جو مشرقی افریقہ کے ملک تنزانیہ کے ریجن موروگورو (Morogoro) میں واقع ہے کو بتاریخ 19 جنوری سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علی ذلک۔ جس میں چار سالہ نصاب مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے انعامات تقسیم کئے گئے۔
تقریب کے مہمان خصوصی مکرم ومحترم طاہر محمود چوہدری امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ تھے۔ عزیزم سلیم عمر طالبعلم جامعہ نے تلاوت کی، اردو نظم عزیزم سلطان جنید نے پڑھی۔ جس کے بعد مکرم عابد محمود بھٹی پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانان گرامی کا تعارف حاضرین کے سامنے پیش کیا۔

تقریب میں شامل مہمانان میں محترم ریاض احمد ڈوگر ریجنل مبلغ ارنگا (Iringa)، محترم کریم الدین شمس ریجنل مبلغ مبیا (Mbea)، محترم آصف محمود بٹ ریجنل مبلغ موروگورو (Morogoro)، مکرم فضل الرحمن بشیر ڈاکٹر انچارج احمدیہ میڈیکل سنٹر موروگورو نے محفل کو رونق بخشی۔ ان کے ساتھ نیشنل مجلس عاملہ، ریجنل اور مقامی جماعت کے بعض عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ حضورانور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے ارشاد پر ایک ماہ کے لئے تنزانیہ تشریف لانے والے جامعہ احمدیہ کینیڈا کے فارغ التحصیل دو مربیان کرام مکرم سرمد نویداحمد اور مکرم وقاص خورشید بھی شامل ہوئے۔تقریب میں لوکل گورنمنٹ کا نمائندہ اور سرکاری سطح پر محکمہ تعلیم کی نمائندہ آفیسر نے بھی شرکت کی۔

بعد ازاں عزیزم شکور سلیمان (طالبعلم درجہ ثانیہ) نے اس سال درجہ ثالثہ پاس کرنے والے طلبہ کے لئے الوداعی کلمات پیش کئے، جس کے جواب میں فارغ التحصیل طلبہ میں سے عزیزم رمضان عباس مکی ایٹی (Mkieti) نے اظہار تشکر کیا۔

سالانہ کارکردگی کی رپورٹ اردو زبان میں محترم عزیز احمد شہزاد صاحب استاد جامعہ، اور سواحیلی زبان میں محترم شمعون جمعہ معلم سلسلہ نے پیش کی۔

دوران سال تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلبہ کی ذہنی و جسمانی تربیت کے حوالہ سے علمی و ورزشی مقابلہ جات اور تفریح کے لئے پکنک کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ تبلیغی سرگرمیوں کا بھی حصہ رہے، جن میں وقف عارضی، تقسیم لٹریچر و جماعتی کتب، ریجن کی مقامی جماعتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اطفال و ناصرات کی تربیتی کلاس نمایاں ہیں۔ امسال جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو 288 سعید روحوں کو سلسلہ احمدیہ سے جوڑنے کی توفیق ملی، نیز محض اللہ تعالی کے فضل سے 22 ملین شلنگز سے زائد کی مالی قربانی کرنے کی توفیق ملی۔ رَبّنَا تَقَبَّل مِنّا إِنَّكَ أَنتَ السّميع العليم.

جامعہ احمدیہ تنزانیہ سے ملحقہ ایک جماعتی اسکول ’’احمدیہ پری اینڈ پرائمری اسکول‘‘ کے انتظامات محترم پرنسپل صاحب جامعہ کی زیرنگرانی سر انجام پاتے ہیں۔ اس اسکول کے طلبہ بھی تقریب کا حصہ تھے۔ کارگزاری رپورٹ کے بعد احمدیہ پری اینڈ پرائمری اسکول کے طلبہ میں سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

اسکول کے نرسری حصہ کا دورانیہ تین برس اور پرائمری حصہ پانچ برس مشتمل ہے، اور ہر آنے والے سال میں ایک کلاس کا اضافہ ہوتا ہے۔ الحمدللہ

اسکول کے اساتذہ اور دیگر کارکنان کے ساتھ ساتھ شعبہ تعلیم سے منسلک سرکاری عہدیداران نے محترم امیر صاحب تنزانیہ سے حسن کارکردگی پر انعامات اور تحائف وصول کئے۔

سال 2019 میں جامعہ تنزانیہ سے فارغ التحصیل طلبہ کی کل تعداد نو (9) ہے۔

امسال حفظ کلاس کے دو (2) طلبہ نے اللہ تعالی کے فضل سے حفظ قرآن کریم مکمل کیا۔ اور درجہ ثالثہ کے کل سات (7) طلبہ نے امتحان پاس کیا۔ جن میں سے پانچ کا تعلق تنزانیہ سے اور دو طلبہ ملک کینیا سے ہیں۔ ان سب فائزین نے مکرم و محترم امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ سے انعامات و اسناد وصول کیں۔ امسال تین طلبہ کو جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں شاہد کی ڈگری کے حصول کے لئے بھیجا گیا۔

دوران سال علمی مقابلہ جات میں اول اور دوم آنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ مزید بر آں اس تقریب میں شامل مہمانان، اساتذہ جامعہ اور کارکنان نے امیر صاحب تنزانیہ سے تحائف وصول کئے۔ اور آخر میں مہمان خصوصی مکرم طاہر محمود چوہدری امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ کی خدمت میں مکرم عابد محمود بھٹی پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے تحفہ پیش کیا۔
سال 2019 میں جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں ہونے والی بعض سرگرمیوں کی تصویری جھلکیاں حاضرین کے سامنے پیش کی گئیں۔
تقریب کے اختتام میں مہمان خصوصی محترم امیر صاحب تنزانیہ نے حاضرین کو خلافت سے پختہ تعلق قائم رکھنے کی تلقین کی۔
تقریب کا اختتام اجتماعی دعا سے ہوا۔ جس کے بعد فارغ التحصیل معلمین، مہمانان اورسٹاف جامعہ کی محترم امیر صاحب تنزانیہ کے ساتھ گروپ تصاویر کا اہتمام کیا گیا۔ نماز ظہر کی ادائیگی کے معاً بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ حضرت مسیح موعودؑ کے یہ خدام واقفین مقبول خدمت دین کی توفیق پائیں اور میدان عمل میں عاجزی و انکساری کے ساتھ اعلیٰ کامیابیاں سمیٹنے والے بنیں۔ آمین۔

(عبدالناصرمومن۔تنزانیہ)

پچھلا پڑھیں

تربیتی کلاسز جماعت احمدیہ تنزانیہ

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 فروری 2020