• 29 اپریل, 2024

مسنون خطبہ جمعہ و عیدین

حضرت جابرؓ بن سمرہ بیان کرتے ہیں کہ (جمعہ یا عید کے روز)رسول کریمؐ کے دو خطبے ہوتے تھے جن کے درمیان آپ (خاموش ) بیٹھتے تھے ۔خطبہ میں آپ قرآن شریف کی تلاوت کر کے لوگوں کو نصیحت فرماتے تھے۔

(مسند احمد)

حضرت جابر بن عبد اﷲ ؓ بیان کرتے ہیں کہ جمعہ کے دن نبی کریم ؐکا خطبہ اِس طرح ہوتا تھا کہ پہلے آپ اﷲ کی حمد اور ثناء کرتے تھے پھر اس کے بعد بآوازِ بلند باقی خطبہ پڑھتے تھے۔ (مسلم کتاب الجمعہ باب تخفیف من الصلاۃ والخطبۃ)عید میں بھی یہی طریق تھا۔

حضرت عبد اﷲؓ بن مسعود اور عبد اﷲ بن عبّاسؓ کی روایت کے مطابق اِس مسنون خطبہ کے الفاظ مندرجہ ذیل ہیں۔

اَلحَمدُ لِلّٰہِ نَحمَدُہ، وَنَستَعِینُہ، وَنَستَغفِرُہ، وَنَعُوذُبِاﷲِ مِن شُرُورِ اَنفُسِنَاوَمِن سَیِّئَآتِ اَعمَالِنَا مَن یَھدِہِ اﷲُ فَلَا مُضِلَّ لَہ، وَمَن یُضلِل فَلَا ھَادِیَ لَہ، وَاَشھَدُ اَن لَّا اِلٰہَ اِلَّا اﷲُ وَحدَہ، لَا شَرِیکَ لَہ، وَاَشھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبدُہ، وَرَسُولُہٗ ۔

(مسلم کتاب الجمعہ۔ ترمذی کتاب النکاح باب خطبۃ النکاح ۔ ابوداؤد کتاب النکاح باب خطبۃ النکاح )

ترجمہ:۔تمام تعریفیں اﷲ کے لئے ہیں ۔ہم اسی کی حمد کرتے ہیںاور اُس سے ہی ہم مدد طلب کرتے ہیں اور اُسی سے ہم بخشش مانگتے ہیں ۔اور ہم اپنے نفسوں کے شرّ سے اور اپنے اعمال کے بدنتائج سے اﷲ کی پناہ میں آتے ہیں ۔جسے اﷲ ہدایت دے اُسے کوئی گمراہ کرنے والا نہیں ۔اور جسے وہ گمراہ کر دے اُسے کوئی ہدایت دینے والا نہیں ۔
مَیں گواہی دیتا ہوں کہ اﷲ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔وہ ایک ہے اُس کا کوئی شریک نہیں اور مَیں گواہی دیتا ہوں کہ محمدؐ اﷲ کے بندے اور اُس کے رسول ہیں ۔

خطبہ جمعہ نماز سے قبل اور خطبہ عیدین نماز کے بعد ہوتا ہے۔

(مسلم کتاب العیدین)

خطبہ مسنونہ

اَلحَمدُ لِلّٰہِ نَحمَدُہ، وَنَستَعِینُہ، وَنَستَغفِرُہ، وَنَعُوذُ بِاﷲِ مِن شُرُورِ اَنفُسِنَاوَمِن سَیِّئَآتِ اَعمَالِنَا مَن یَھدِہِ اﷲُ فَلَا مُضِلَّ لَہ، وَمَن یُضلِل فَلَا ھَادِیَ لَہ، وَاَشھَدُ اَن لَّا اِلٰہَ اِلَّا اﷲُ وَحدَہ، لَا شَرِیکَ لَہ، وَاَشھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبدُہ، وَرَسُولُہٗ کے بعد یہ الفاظ بھی بعض خطبات ِ نبوی ؐ میں پڑھنے ثابت ہیں۔
اِنَّ اَصدَقَ الحَدِیثِ کِتَابُ اﷲِ وَاِنَّّ اَفضَلَ الھَدیِ ھَدیُ مُحَمَّدٍ وَّ شَرُّ الْامُورِ مُحدَثَاتُھَا وَ کُلُّ مُحدَثَۃٍ بِدعَۃٌ وَ کُلُّ ضَلَالَۃٍ فِی النَّارِ۔

(نسائی کتاب صلوٰۃ العیدین باب کیف الخطبۃ)

ترجمہ :-بے شک سب سے سچی بات اﷲ کی کتاب ہے ۔اور سب سے افضل سنّت محمد مصطفی ؐ کا طریق ہے اور سب سے بُری بات نئی چیزیں ایجاد کرنا ہے ۔ہر نئی بات بدعت ہے اور ہر گمراہی آگ میں (لے جاتی) ہے ۔

(خزینۃالدعااز حافظ مظفر احمد)

پچھلا پڑھیں

ایک احمدی مسلمان کی عید

اگلا پڑھیں

عید کی رات عبادت