- حکمت و دانائی مفلس کو بادشاہ بنا دیتی ہے۔
- جب کسی مجلس میں داخل ہو تو اول سلام کرو پھر ایک جانب بیٹھ جاؤ اور جب تک اہل مجلس کی گفتگو نہ سن لو خود گفتگو شروع نہ کرو پس اگر وہ خدا کے ذکر میں مشغول ہوں تو تم بھی اس میں سے اپنا حصہ لے لواور اگر وہ فضولیات میں مشغول ہوں تو وہاں سے علیحدہ ہو جاؤ اور دوسری کسی عمدہ مجلس کو حاصل کرو۔
- اللہ تعالیٰ جب کسی کو امانت دار بنائے تو امین کا فرض ہے کہ اس امانت کی حفاظت کرے۔
- اے بیٹے خدائے تعالیٰ سے ڈر اورر یاکاری سے خدا کا ڈر ظاہر نہ کر کہ لوگ اس وجہ سے تیری عزت کریںاور تیرا دل حقیقتاً گنہگار ہو۔
- اے بیٹے جاہل سے دوستی نہ کر کہ وہ یہ سمجھنے لگے کہ تجھ کو اس کی جاہلانہ باتیں پسند ہیں اور دانا کے غصہ کو بے پرواہی میں نہ ٹال کہ کہیں وہ تجھ سے جدائی نہ اختیار کر لے۔
- واضح رہے کہ داناؤں کی زبان میں خدا کی طاقت ہوتی ہے ان میں سے کوئی کچھ نہیں بولتا مگر یہ کہ اس بات کو اللہ تعالیٰ اسی طرح کرنا چاہتا ہو۔
- اے بیٹے خاموشی میں کبھی ندامت اٹھانی نہیں پڑتی اور اگر کلام چاندی ہے تو سکوت سونا ہے۔
- بیٹا ہمیشہ شر سے دور رہو تو شر تم سے دور رہے گا اس لئے کہ شر سے ہی شر پیدا ہوتا ہے۔
- بیٹا غیظ و غضب سے بچو اس لئے کہ شدت غضب دانا کے قلب کو مردہ بنا دیتی ہے۔
- بیٹا خوش کلام بنو ۔
- نرم خوئی دانائی کی جڑ ہے۔
- جو بوئو گے وہی کاٹو گے۔
- اپنے والد کے دوست کو محبوب رکھو۔
- کسی نے لقمان سے دریافت کیا سب سے زیادہ صابر کون شخص ہے؟کہا جس کے صبر کے پیچھے ایذانہ ہو،پھر دریافت کیا سب سے بڑا عالم کون ہے؟جواب دیا جو دوسروں کے علم کے ذریعہ اپنے علم میں اضافہ کرتا رہے ۔پھر سوا ل کیا سب سے بہتر آدمی کون سا ہے فرمایا ’’غنی‘‘ سائل نے پھر کہا غنی سے مالدار مراد ہے؟ جواب میں کہا نہیں بلکہ غنی وہ ہے جو اپنے اندر خیر کو تلاش کرے تو موجود پائے ورنہ خود کو دوسروں سے مستغنی رکھے۔
- کسی نے دریافت کیا بد ترین انسان کون سا ہے فرمایا جو اس کی پرواہ نہ کرے کہ لوگ اس کو برائی کرتا دیکھ کر برا سمجھیں گے۔
- بیٹا تیرے دستر خوان پر ہمیشہ نیکوکاروں کا اجتماع رہے تو بہتر ہے مشورہ صرف علماء حق ہی سے لینا۔ (قصص القرآن جلد سوم 41,42)
(مبارک احمد منیر۔برکینافاسو)