• 28 اپریل, 2024

احمدی خدمت خلق اور خدمت انسانیت کے میدان میں

حضورانورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا:
’’یہ جماعت احمدیہ کاہی خاصہ ہے کہ جس حد تک توفیق ہے خدمت خلق کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔ اورجو وسائل میسر ہیں ان کے اندررہ کرجتنی خدمت خلق اور خدمت انسانیت ہوسکتی ہے کرتے ہیں۔انفرادی طورپر بھی اورجماعتی طور پر بھی۔تو احباب جماعت کو جس حد تک توفیق ہے بھوک مٹانے کے لئے،غریبوں کے علاج کے لئے،تعلیمی امداد کے لئے،غریبوں کی شادیوں کے لئے،جماعتی نظام کے تحت مدد میں شامل ہوکر بھی عہد بیعت کو نبھاتے بھی ہیں،اورنبھانا چاہیے بھی۔

اللہ کرے ہم کبھی ان قوموں اورحکومتوں کی طرح نہ ہوں جو اپنی زائد پیداوار ضائع توکردیتی ہیں لیکن دُکھی انسانیت کے لئے صرف اس لئے خر چ نہیں کرتیں کہ ان سے ان کے سیاسی مقاصد اورمفادات وابستہ نہیں ہوتے یا وہ مکمل طورپر ان کی ہر بات ماننے اور ان کی Dictation لینے پرتیار نہیں ہوتے،اورسزا کے طور پر ان قوموں کو بھوکا اور ننگا رکھا جارہاہے اورننگا رکھاجاتاہے۔ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کوپہلے سے بڑھ کرخدمت انسانیت کی تو فیق عطا فرمائے۔

ڈاکٹرز،وکلاء اور ٹیچرز کے لئے وقف عارضی کی تحریک

یہاں ایک اَور بات بھی عرض کرناچاہتاہوں کہ جماعتی سطح پر یہ خدمت انسانیت حسب توفیق ہو رہی ہے۔مخلصین جماعت کو خدمت خلق کی غرض سے اللہ تعالیٰ توفیق دیتا ہے وہ بڑی بڑی رقوم بھی دیتے ہیں جن سے خدمت انسانیت کی جاتی ہے۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے افریقہ میں بھی اورربوہ اورقادیان میں بھی واقفین ڈاکٹراوراساتذہ خدمت بجالارہے ہیں۔

لیکن مَیں ہراحمدی ڈاکٹر، ہراحمدی ٹیچر اور ہر احمدی وکیل اور ہر وہ احمدی جواپنے پیشے کے لحاظ سے کسی بھی رنگ میں خدمت انسانیت کرسکتاہے، غریبوں اورضرورت مندوں کے کام آسکتا ہے،ان سے یہ کہتا ہوں کہ وہ ضرورغریبوں اورضرورتمندوں کے کام آنے کی کوشش کریں۔ تو اللہ تعالیٰ آپ کے اموال ونفوس میں پہلے سے بڑھ کربرکت عطافرمائے گا ان شاء اللہ۔اگر آپ سب اس نیت سے یہ خدمت سرانجام دے رہے ہوں کہ ہم نے زمانے کے امام کے ساتھ ایک عہد بیعت باندھا ہے جس کو پوراکرنا ہم پر فرض ہے تو پھر دیکھیں کہ ان شاء اللہ تعالیٰ، اللہ تعالیٰ کے فضلوں اور برکتوں کی کس قدر بارش ہوتی ہے جس کو آپ سنبھال بھی نہیں سکیں گے۔

(الفضل انٹرنیشنل 7 تا 13نومبر 2003ء صفحہ8-5)

پچھلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 28 جون 2020ء

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 29 جون 2020ء