• 27 اپریل, 2024

رپورٹ بابت نیشنل اجتماع مجلس انصاراللہ سینیگال

محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی میں جماعت احمدیہ روز افزوں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ گزشتہ چند مہینوں سے کرونا وائرس نامی وباءنے ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے کر جس طرح منجمد کیاوہ اپنی مثال آپ ہے ۔ باوجود ان طبعی آفات اور ان کے نتائج میں ہونے والے معاشی بحران کے، جماعت احمدیہ کا قدم ہر آن ہر لمحہ اپنی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔

مذکورہ بالا پس منظر کے باوجود حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےازراہ شفقت مجلس انصاراللہ سینیگال کو اپنا سالانہ اجتماع مؤرخہ 30، 31 اکتوبر 2020 کو حکومت کی طرف سے جاری کردہ احتیاط اور پابندیوں کے مطابق منعقد کرنے کی اجازت عطا فرمائی۔

امسال جماعتی کیلنڈر 2020 مرتب کرتے ہوئے امیر جماعت سینیگال مکرم ناصر احمد سدھو صاحب نے یہ ہدایت جاری کی تھی کہ امسال نیشنل اجتماع انصار اللہ سینیگال Tambacounda تانباکنڈا ریجن میں منعقد ہو گا۔

چنانچہ مقررہ تواریخ سے ایک ماہ قبل ہی ریجنل سطح پر ریجنل زعیم انصاراللہ مکرم سالف والی صاحب اور لوکل معلم مکرم بدرا سار صاحب کی سرکردگی میں ایک کمیٹی قائم کی، اور ان کی میٹنگ کر کے کامیاب انتظامات کے لئےمتعلقہ امور تفویض کئے۔اس طرح ایک ماہ میں تین مرتبہ میٹنگ کر کے متعلقہ انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔

مورخہ 29 اکتوبربروز جمعرات ہی مجلس انصاراللہ کے ممبران دیگر ریجنز مثلاً

(Dakar465km), (Zinginchour435km), (Theis380Km) اور (Saint Louis525km)

سے آنا شروع ہو گئے تھے۔

مورخہ 30 اکتوبر 2020 کو مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر صاحب سینیگال نے خطبہ جمعہ کے ساتھ اجتماع کا افتتاح فرمایا اور انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔

بعد ازاں انصارکےمابین8ورزشی مقابلہ جات کروائےگئے۔ جن میں کلائی پکڑنا ، میوزیکل چئیر، ریلے ریس، 100 میٹر دوڑ ، فٹ بال اور دیگر مقابلہ جات شامل ہیں۔

رات کو بعد نمازمغرب و عشاء انصار کے مابین علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ جن میں تلاوت ،حفظ قرآن، دینی معلومات وغیرہ شامل تھے۔اگلے دن بروز ہفتہ باقی ماندہ ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ اور اس کے بعد ایک طویل مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی۔

بعد ازاں مکرم یونس بوجاں صاحب صدر مجلس انصار اللہ سینیگال نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کئے۔ اختتامی تقریب کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں پر تکلف کھانا پیش کیا گیا۔ جس کے بعد تمام انصار اپنے گھروں کی طرف روانہ ہو گئے۔

شعبہ رجسٹریشن کے مطابق انصار کی تعداد 211 رہی اور دیگر معاونین خدام کو ملا کر کل تعداد 250 سے زائد رہی جو کہ گزشتہ سال کی تعداد سے دو گنا ہے۔ الحمدللہ علی ذلک

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو انصار کی تربیتی و تعلیمی ہر دو لحاظ سے ترقی کا ذریعہ بنائے۔ آمین

(رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن (سینیگال))

پچھلا پڑھیں

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا سفر سیالکوٹ کے دوران پُر معارف و پُر تاثیر ’’لیکچر سیالکوٹ‘‘

اگلا پڑھیں

آج کی دعا