• 29 اپریل, 2024

اعلانِ وفات

مکرم عامر محمود ملک شیفیلڈ یوکے سے اعلان بھجواتے ہیں کہ:
خاکسار کے والدمحترم ملک ناصر احمد اعوان صاحب آف دھرمپورہ لاہور حال مقیم اسلام آبادبعمر 78سال مؤرخہ 17 نومبر 2020ء بروز منگل کو وفات پاگئے۔ انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔ آپ کچھ عرصہ سے بوجہ عارضہ قلب علیل تھے۔

آپ خدا تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے ۔ اسی دن اسلام آباد میں مکرم ارشد اعجاز صاحب صدر حلقہ نے نماز جنازہ پڑھائی اور میت ربوہ لے جائی گئی جہاں اگلے روز مؤرخہ 18 نومبر کو دن گیارہ بجے مکرم حنیف احمد محمود صاحب نے دارلضیافت میں نماز جنازہ پڑھائی جس کے بعد بہشتی مقبرہ میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ بعد ازاں جمعہ کے دن بیت الذکر اسلام آباد میں نماز جنازہ غائب بھی پڑھائی گئی۔

خدا کے فضل سے آپ پیدائشی احمدی تھے ۔ آپ کے والد میاں برکت علی صاحب نے فیض اللہ چک سے قادیان جا کر حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کی تھی۔

ملازمت کے سلسلہ میں مختلف شہروں میں رہنے کا موقع ملا جن میں زیادہ عرصہ ڈیرہ غازی خان میں گزرا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد کچھ عرصہ لاہور اور پھر ربوہ میں رہائش پذیر رہے۔ آجکل اپنی بیٹی کے پاس اسلام آباد میں مقیم تھے۔

خدا تعالیٰ کے فضل سے مختلف جماعتی خدمات کا بھی کافی موقع ملا۔کئی سال بطور زعیم انصار اللہ ڈیرہ غازی خان خدمت سرانجام دیتے رہے۔

صوم و صلوٰۃ کے پابند تھے ۔دوران ملازمت جہاں بھی رہے ہمیشہ نظام جماعت اور مسجد کے ساتھ بہت باقا عدگی سےوابستہ رہے۔ مربیان سلسلہ کابطور خاص احترام کرتے تھے۔ دوران سرکاری ملازمت اپنی ایمانداری، بے داغ کردار اور ملنساری کی وجہ سے ہر خاص و عام میں بہت احترام کی نظر سے دیکھے جاتے تھے ۔ عوام اور اپنے دیگر دفتری عملہ میں ایک ایماندار احمدی کے طور پر جانے جاتے تھے۔علی الاعلان اپنے احمدی ہونے کا اظہار کرتے تھے اور ہر جگہ پوسٹنگ سے پہلے ہی پتہ ہوتاتھا کہ ایک احمدی ٹرانسفر ہو کر آرہا ہے۔

مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے تھے۔چندوں کی ادائیگی میں بہت باقاعدہ تھے اور اپنی زندگی میں ہی تمام حصہ جائیداد اور دیگر واجبات ادا کرچکے تھے۔

آپ نے پسماندگان میں دوبیٹیاں، ایک بیٹا، چھ نواسے، نواسیاں اور پوتیاں یادگار چھوڑے ہیں ۔

احباب جماعت سےدعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ والد محترم کے درجات بلند کرے ،جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے، ، رحمت کا سلوک فرماتے ہوئی اپنی مغفرت کی چادر میں ڈھانپ لے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاکرے ۔آمین

٭…٭…٭

پچھلا پڑھیں

چولہ بابا نانک رحمۃ اللہ علیہ

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 نومبر 2020