• 29 اپریل, 2024

دوسری تقریب تقسیم اسناد جامعۃ المبشرین برکینا فاسو

ہر مذہب و قوم کی ترقی کے لیے اورعوام کی بہبود کے لیے دو چیزیں بہت ضروری ہوتی ہیں ۔ان میں سے ایک تبلیغ اور دوسری تربیت ہے۔تبلیغ سے اس مذہب کے پیغام کو دوسروں تک پہنچایا جاتا ہے اور تربیت اس قوم کے لوگوں کی فلاح وبہبود کے لیے بہت ضروری ہوتی ہے۔انہیں دوکاموں کے لیے تمام انبیأ اس دنیا میں آتے ہیں یعنی اللہ تعالیٰ کا پیغام دنیا تک پہنچانا اور ایمان لانے والوں کی تعلیم وتربیت کرنا ۔اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے کہ

وَ مَا کَانَ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ لِیَنۡفِرُوۡا کَآفَّۃً ؕ فَلَوۡ لَا نَفَرَ مِنۡ کُلِّ فِرۡقَۃٍ مِّنۡہُمۡ طَآئِفَۃٌ لِّیَتَفَقَّہُوۡا فِی الدِّیۡنِ وَ لِیُنۡذِرُوۡا قَوۡمَہُمۡ اِذَا رَجَعُوۡۤا اِلَیۡہِمۡ لَعَلَّہُمۡ یَحۡذَرُوۡنَ ﴿۱۲۲﴾٪

(التوبہ: 122)

مومنوں کے لئے ممکن نہىں کہ وہ تمام کے تمام اکٹھے نکل کھڑے ہوں پس اىسا کىوں نہىں ہوتا کہ ان کے ہر فرقہ مىں سے اىک گروہ نکل کھڑا ہو تاکہ وہ دىن کا فہم حاصل کرىں اور وہ اپنى قوم کو خبردار کرىں جب وہ ان کى طرف واپس لَوٹىں تاکہ شاىد وہ (ہلاکت سے) بچ جائىں

ان دونوں کاموں کے انجام دہی کے لیے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے زمانہ میں ہی جامعہ احمدیہ کی بنیاد رکھ دی تھی ۔جس کا مقصد ایسے علماء پیدا کرنا تھا جو صحیح رنگ میں عُلَمَآءُ اُمَّتِیْ کَاَنْبِیَآءِ بَنِیْٓ اِسْرَآئِیْلَ ہوں اور جماعت احمدیہ کی تعلیم وتربیت میں کوئی قصر نہ اٹھا رکھیں۔چنانچہ اس وقت دنیا کے کئی ملکوں میں جامعات کا انعقاد ہوچکا ہے جہاں سے مختلف رنگ و نسل کے مبلغین پیدا ہورہے ہیں اور جماعت کے افراد کی تعلیم و تربیت اور تبلیغ اسلام میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

اسی طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے برکینا فاسو میں بھی جامعۃ المبشرین کی ابتداء 2017ء میں ہوئی ۔اس جامعہ میں فرنچ ممالک سے تعلق رکھنے والے طلباء شامل ہوتے ہیں۔ اس وقت اللہ تعالیٰ کے فضل سے 59 طلباء جامعۃ المبشرین میں پڑھ رہے ہیں۔ اس سال جامعۃ المبشرین سے دوسری کلاس فارغ التحصیل ہوئی ہے۔

یکم اگست 2021ء کو دوسری فارغ التحصیل کلاس میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں مختلف مہمانان کو مدعوکیا گیا تھا نیز فارغ التحصیل طلبأ کے والدین بھی مختلف ممالک سے اس تقریب میں شامل ہونے کے لیے خاص طور پر آئے۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر ومشنری انچارج برکینا فاسو تھے۔

تقریب کا آغاز صبح گیارہ بجے ہوا۔ مہمان خصوصی کا استقبال تمام طلبأ نے نعروں سے کیا ۔ چنانچہ تقریب کا آغاز دوسرے سال کے طالب علم عزیزم اسوما فتحاؤ نے قرآن کریم کی تلا وت سے کیا نیز فرنچ ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد دوسرے سال کے ہی طالب علم عزیزم ابوبکر صدیق نے اردو نظم پیش کی اور ساتھ فرنچ ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں عزیزم اسا سو مصطفیٰ جو کہ تیسرے سال سے تعلق رکھتے ہیں، نے ایک تقریر کی جس میں جامعۃ المبشرین میں گزرے ایام کے خوبصورت لمحات و دلکش یادوں سے کچھ واقعات پیش کیے اور تمام کلاس کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے احساسات کا ذکر کیا۔ اس کے بعد دوسرے سال کے طالب علم عزیزم داؤ عبدالحمید نے فارغ التحصیل کلاس کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ گزارے ہوئے سال اور دلچسپ واقعات کا ذکر کیا۔

ان تقاریر کے بعد طلباء کے گروپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا خوبصورت قصیدہ پیش کیا۔بعد ازاں مکرم حافظ محمد بلال طارق استاد جامعۃ المبشرین نے جامعہ میں ہونے والے علمی مقابلہ جات و دیگر سرگرمیوں پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی۔اس کے بعد امیر جماعت محمود ناصر ثاقب صاحب نے مختلف علمی مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے طلباءمیں انعامات تقسیم کیے نیز فارغ التحصیل کلاس میں اسناد تقسیم کیں اور بعد ازاں طلباء کو نصا ئح فرمائیں اور ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اس سال اللہ تعالیٰ کے فضل سے 5ممالک کونگو کنشاسا، کونگو برازاویل ،مالی ،بینن و برکینا فاسو سے 18 طلباء جامعۃ المبشرین سے فارغ التحصیل ہوئے ہیں۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ

آخر میں مکرم نعیم احمد باجوہ صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین نے مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا اور فارغ التحصیل کلاس کے لیے نیک تمناؤ ں کا اظہار کیا۔ بعد ازاں مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینا فاسو نے دعا کروائی اور طلباء کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائی گئی۔


تقریب کے بعدنماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور مہمانان کرام کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ فارغ التحصیل طلباء جماعت کے لیے ایک مفید وجود ثابت ہوں اور اسلام احمدیت کا پیغام دنیا تک پہنچانے والے ہوں۔ آمین ثمّ آمین۔

(رپورٹ: مبارک احمد منیر۔ استاد جامعۃ المبشرین برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

مغلوب الغضب سے حکمت کا چشمہ چھین لیا جاتا ہے

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 ستمبر 2021