• 29 اپریل, 2024

اعلان وفات

• مکرمہ امتہ الشافی صدیقی اہلیہ ڈاکٹر عبد المنان صدیقی شہید۔ شکاگو امریکہ سے یہ افسوس ناک اطلاع بھجواتی ہیں :
خاکسار کی بے حد پیاری ،بہت سی خوبیوں کی مالک اور بے لوث دعائیں کرنے والی عظیم امی مورخہ 26ستمبر 2021ء کو 90سال کی عمر میں اپنے مولیٰ حقیقی سے جا ملیں ۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔ آپ مکرم کریم احمد نعیم ابن حضرت ڈاکٹر حشمت اللہ خان ؓ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور ذاتی معالج حضرت مصلح موعود ؓ کی اہلیہ محترمہ تھیں نیز مکرم محسن نعیم آف میامی ، امریکہ اور مکرم منعم نعیم چئیرمین ہومنیٹی فرسٹ امریکہ کی والدہ تھیں ۔آپ مکرم ڈاکٹر شیخ غلام احمد حیدر آف لاہور کی بیٹی اور مکرم ڈاکٹر عبد المنان صدیقی شہید کی خوش دامن تھیں ۔

والدہ محترمہ خاندان میں سائبان کی طرح تھیں اور بے لوث دعائیں کرنے والی تہجد گزار خاتون تھیں ۔آپ امریکہ قیام کے دوران چار جماعتوں سے منسلک رہیں ۔آپ چاروں جماعتوں کے افراد سے اس قدر محبت سے پیش آئیں کہ آپ کے وہاں سے چلے جانے کے بعد بھی احباب جماعت نے آپ کو یاد رکھا ۔ہر کسی سے پیار ،محبت کا سلوک کرنا ،تحائف دینا ،ان کے لئے دعائیں کرنا ،مخلص مشورے دینا ،مستحق حضرات کی مناسب مدد کرنا آپ کا خاص وصف تھا ۔

توکل علی اللہ مثالی تھا ۔امریکہ جیسے مادی دنیا میں ہم پانچ بہن بھائیوں کی نیک تربیت کی ۔جمعہ کا خاص اہتمام فرماتیں ۔اپنے تمام چندے بروقت ادا کرنے کی فکر رہتی ۔ہم اولاد کی تربیت کی اس قدر فکر رہتی کہ کوئی موقع تربیت کا ہاتھ سے جانے نہ دیتی ۔آپ صاحب الرؤیا خاتون تھیں ۔سچی خوابیں آپ کو کثرت سے آتیں ۔افراد خاندان آپ کو دعا کے لئے کہتے ۔خلافت سے حد دجہ پیار تھا ۔آخری عمر تک خطبہ باقاعدگی سے سنتی ۔آپ کی وفات پر میامی جماعت کے ہر کس وناکس کے منہ پر تھا کہ ہماری جماعت ایک عظیم دعائیں کرنے والی بزرگ خاتون سے محروم ہوگئ ہے ۔آپ کی ہیوسٹن کے احمدیہ قبرستان میں تدفین ہوئی ۔آپ نے اپنے پیچھے دو بیٹے (جن کا ذکر اوپر ہوچکا ہے )اور تین بیٹیاں مکرمہ امتہ العزیز نگہت اہلیہ رفیع احمد ،صدر جماعت بروکلین نیویارک ،مکرمہ امتہ الرافع رفعت اہلیہ رضی احمد ہیوسٹن اور خاکسار یاد گار چھوڑے ہیں ۔قارئین الفضل سے مرحومہ والدہ کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے دعا کی درخواست ہے ۔نیز دعا کریں اللہ تعالیٰ یہ صدمہ ہمیں برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین ۔

پچھلا پڑھیں

انڈیکس مضامین ماہ اگست 2021ء الفضل آن لائن لندن

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ