• 28 اپریل, 2024

نماز جنازہ حاضرو غائب

نمازجنازہ حاضرو غائب
مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 11 جنوری 2022ء بروز منگل 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر آ کر درج ذیل نماز جنازہ پڑھائے

نماز جناز ہ حاضر

  • مکرم شیخ عبد الرافع مقرب صاحب (گھڑی سازچوک یادگار ربوہ۔حال برمنگھم)

2 جنوری 2022 کو مختصر علالت کے بعد بر منگھم میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ دو ماہ قبل اہلیہ کے ہمراہ بیٹے کے پاس برمنگھم آئے تھے۔ آپ مکرم شیخ عبد اللہ مقرّب صاحب (پانچ ہزاری مجاہد) کے بیٹے اور مکرم مولوی فیروز دین صاحب امرتسری مرحوم (انسپیکٹر تحریک جدید) کے داماد تھے۔ آپ نے اپنے محلہ دارالصدر جنوبی ربوہ میں سیکرٹری اصلاح و ارشاد کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم دیندار، صوم وصلوۃ کے پابند، ملنسار، مالی قربانی میں پیش پیش اورخلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چاربیٹے اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔ مرحوم کے ایک بیٹے مکرم ممتاز اقبال صاحب اس وقت دفتر پرائیویٹ سیکرٹری ربوہ میں خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

نماز جنازہ غائب

1. مکرم شیخ نعمت الرحمان صاحب (ربوہ) ابن مکرم شیخ عبدالمنان صاحب مرحوم (آف کپورتھلہ)

26دسمبر 2021 کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے اور اللہ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ آپ مکرم نعمت اللہ بشارت صاحب (مربی سلسلہ ناکسکو۔ڈنمارک) کے برادرنسبتی تھے۔

2. مکرم پا ذوالنورین ابراہیم صاحب (نائیجیریا)

7نومبر 2021 کو 75 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ 6 سال کی عمر میں والد کی وفات پر مرحوم اپنے چچا کے ساتھ رہنے لگے جوکہ اس وقت نائیجریا کے ایک علاقے میں جماعت کے امام تھے۔ 1964 میں 18 سال کی عمر میں اپنے چچا کے ذریعہ بیعت کی سعادت حاصل کی۔ آپ کا تعلق اگالہ لینڈ سے ہے جہاں آپ کی مدد سے جماعت کو مؤثر تبلیغ کرنے میں مدد ملی اور بہت ساری جماعتوں کا قیام عمل میں آیا۔ آپ اس علاقے میں ایک کامیاب داعی الی اللہ تھے۔ مرحوم صوم وصلوۃ کے پابند ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ 1993 میں آپ کا بیٹا بیمار ہوا۔ ڈاکٹر نے یہ کہہ کر جواب دے دیا کہ شدت بیماری سے اس کی چند گھنٹوں بعد وفات ہوجائے گی۔ بیٹا اس وقت نہ کھا پی سکتا اور نہ ہی چل سکتا تھا۔ ذوالنورین صاحب نے دعا کی کہ اے اللہ! یہ بیٹا میں نے تیرے لئے وقف کیا تھا۔ اگر تو اس سے خدمت نہیں لینا چاہتا تو اپنے پاس بلالے۔ اس کے بعد بچے نے کھانا پینا شروع کردیا اور اب آپ کے یہ بیٹے مکرم عبد القادر ابراہیم صاحب اجیبو جماعت میں بطور سرکٹ مشنری خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔

3. مکرم محمد ادریس صاحب ٹھیکیدار ابن مکرم فضل دین صاحب (جرمنی)

5جون 2021 کو 89 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے باب الابواب ربوہ میں میٹھا پانی لگوانے کا انتظام کیا۔ 1989 سے 2010 تک سپین میں وقف عارضی کرکے خدمت کی توفیق پائی۔ اس دوران مسجد بشارت اور ویلنسیا کی مسجد کے علاوہ بعض اور جماعتی تعمیرات میں خدمت بجالاتے رہے۔ مرحوم صوم وصلوۃ کے پابند، تہجد گزار، صاف گو، سادہ مزاج، بہت محنتی، نیک اور مخلص انسان تھے۔ خلافت سے والہانہ عقیدت کا تعلق تھا۔ مربیان اور جماعتی عہدیداران کا بہت احترام کرتے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔

4. مکرم عبد الرشید صاحب (سابق صدر جماعت 93/T.D.Aضلع لیہ)

21دسمبر 2021 کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم سیکرٹری امور عامہ ضلع لیہ کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے تھے۔ بہت شفیق، ہمدرد اور مخلص انسان تھے۔ پسماندگان میں چار بیٹیاں اور دوبیٹے شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل آن لائن کی طرف سے تعزیت قبول فرمائیں۔

پچھلا پڑھیں

بہتان طرازی اور الزام تراشی کی شناخت اور اس کی اشاعت سے اجتناب کا حکم

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ