مکرم منیر احمد جاوید۔ پرائیویٹ سیکرٹری لندن یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 14؍اپریل 2022ء بروز جمعرات دوپہر 12بجےاپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر دو نماز جنازہ حاضر اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائے۔
نماز جناز ہ حاضر
-1مکرم عبدالقیوم کھوکھر صاحب (واٹفورڈ۔ یوکے)
11؍اپریل 2022 کو 82 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ 27 سال قبل کوٹلی آزادکشمیر سے یوکے شفٹ ہوئے۔ مرحوم کے والد مکرم الف دین صاحب نے 1930 میں بیعت کی توفیق پائی۔ مرحوم کے چچا منشی علم دین صاحب کو 1979 میں کوٹلی میں شہید کردیا گیا تھا۔ آپ نے عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزاری اور ہمیشہ دوسروں کی مدد اور مالی قربانی میں پیش پیش رہتے۔ آزادکشمیر میں ان کے گھر میں کنویں کا پانی نکلنے میں مشکل تھی۔ انہوں نے حضرت خلیفۃ المسیح کی خدمت میں دعا کا خط لکھا تو کھدائی کرنے پر پانی نکل آیا جس سے علاقہ کے بہت سے افراد اب بھی فائدہ اٹھاتے ہیں۔ آپ بہت فخر سے کہا کرتے تھے کہ حضرت خلیفۃ المسیح کی دعا سے یہ پانی نکلا ہے۔ آپ کو لوکل جماعت میں ایک عرصہ تک بطورسیکرٹری رشتہ ناطہ خدمت کی توفیق ملی۔ مرحوم بڑی باقاعدگی سے نماز جمعہ کے لئے واٹفورڈ سے صبح کی ٹرین پرلندن مسجد فضل یا بیت الفتوح میں حاضر ہوا کرتے تھے۔ مرحوم نے اپنے پیچھے بیوہ کے علاوہ تین بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑے ہیں۔
-2مکرمہ خاور منصور ملہن صاحبہ اہلیہ مکرم شیخ منصور احمد ملہن صاحب (نیومالڈن۔ یوکے)
8 ؍اپریل 2022 کو 75 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ مکرم شیخ بشیر احمد صاحب (سابق امیر جماعت لاہور )کی بھانجی اور مکرم ڈاکٹر فہیم یونس صاحب (نائب امیر جماعت امریکہ) کی خالہ تھیں۔ آپ 1975 میں یو کے آئی تھیں۔ اپنی جماعت میں مختلف حیثیتوں سے خدمت کرنے کی توفیق پائی۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، دیندار، بہت ملنسار، غرباء کا خیال رکھنے والی اور خلافت کے ساتھ اخلاص وو فا کا تعلق رکھنے والی ایک نیک بزرگ خاتون تھیں۔ مالی قربانیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ مرحومہ نے اپنے پیچھے ایک بیٹی اور 2 بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔
نماز جنازہ غائب
-1مکرم محمد سلیم قمر صاحب ابن مکرم چوہدری عبد العزیز صاحب
9 فروری 2022 کو 75 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند، تہجد گزار، سادہ مزاج، ملنسار، مہمان نواز، غریب پرور، ہمدرد اور درویش صفت انسان تھے۔ راولپنڈی میں اپنے حلقہ کے صدر جماعت کے علاوہ آپ نے مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔
-2 مکرمہ سیدہ زہرہ جبین صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری عبد الحفیظ صاحب (کینیڈا)
9 مارچ 2022 کو بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت سید سیف اللہ شاہ صاحب رضی اللہ عنہ کی پوتی تھیں۔ آپ نے بھارت میں لمبا عرصہ بطور صوبائی صدر لجنہ کشمیر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ محکمہ تعلیم حکومت جموں وکشمیر سے ریٹائر منٹ کے بعد اپنے بچوں کے پاس کینیڈا منتقل ہوگئی تھیں۔آپ کو حج بیت اللہ کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔ سلسلہ کے لئے غیرت رکھنے والی، مہمان نواز اور ایثار کے جذبہ سے سرشار ایک نیک خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔
-3 مکرم محمد اسحاق منگلا صاحب ابن مکرم عبد القدیر منگلا صاحب
3 اکتوبر 2021 کو 56 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے مقامی سطح پر قائد خدام الاحمدیہ کے علاوہ اپنی جماعت کے سیکرٹری تربیت اور سیکرٹری اصلاح وارشاد کے طورپر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ دینی اور اخلاقی لحاظ سے بہت اچھے تھے۔
-4 مکرم چوہدری بشیر احمد گورائیہ صاحب ابن مکرم چوہدری محمد ابراہیم صاحب
5فروری 2022 کو 102 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے 1974کے فسادات میں بڑی خدمات سرانجام دیں۔ مغلپورہ (لاہور )میں سیکرٹری تعلیم اور سیکرٹری اصلاح و ارشاد کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم بہت مہمان نواز، غریب پرور، ہمدرد اور ایک نیک فطرت انسان تھے۔چندوں میں باقاعدہ اور ہر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والےتھے۔ گھر میں باقاعدگی سے نمازباجماعت کا اہتمام کرتے اور ہر نماز کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کے درس کا بھی اہتمام کیا کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔
-5مکرم ملک منیر احمد صاحب ابن مکرم فضل داد صاحب
6فروری 2022 کو بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم ابتدائی تعلیم کے بعد فوج میں بھرتی ہوئے اور 1965 اور1971کی جنگوں میں حصہ لیااور حکومت پاکستان کی طرف سے چار فوجی اعزازات حاصل کئے۔ 1977 میں پرائیویٹ ملازمت کے سلسلہ میں دبئی چلے گئے اور وہاں نمازوں اور چندوں کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے رہے۔ 1996میں ربوہ آگئے اور اعزازی خدمت کے لئے اپنے آپ کو پیش کردیا جس کے بعد آپ کو وکالت مال اوّل میں کام کرنے کا موقع ملا۔ آپ نے 18 سال تک دارالفتوح شرقی ربوہ کے صدر کے طورپر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم خلافت کے فدائی اورجماعت کیلئے بہت غیرت رکھنے والے ایک نیک اور باوفا انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
-6مکرمہ ثریا بی بی صاحبہ (ہمبرگ۔ جرمنی)
28 فروری 2022 کو 70 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ بہت نیک اور اچھے اخلاق کی مالک تھیں۔ ماہانہ اجلاسات میں باقاعدگی سے شرکت کرتی تھیں۔ چندہ جات کی ادائیگی بڑی پابندی کے ساتھ بروقت کیا کرتی تھیں۔مرحومہ کے ایک بیٹے مکرم فضل احمد کھوکھر صاحب جماعت ہمبرگ میں سیکرٹری امور خاجہ کے طورپر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
-7مکرم بابر محمود بسراء صاحب ایڈووکیٹ
آپ کو 12 مارچ 2022 کو احمد نگر کے قریب قتل کردیا گیا۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ نے محلہ ناصر آباد جنوبی میں زعیم خدام الاحمدیہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ اس سال محلہ میں سیکرٹری امور عامہ منتخب ہوئے اور آجکل قضاء میں بطور وکیل خدمت کی توفیق پارہے تھے۔ بہت ملنسار، ہنس مکھ اور مربیان اور واقفین زندگی کا خیال رکھنے والے نیک انسان تھے۔غرباء اور بیوگان کے کام بغیر اجرت لئے کردیا کرتے تھے۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
(ادارہ الفضل کی طرف سے تمام مرحومین کے لواحقین تعزیت قبول کریں)