• 27 اپریل, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید۔ پرائیویٹ سیکرٹری لندن یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 12 مئی 2022ء بروز جمعرات دوپہر 12بجے اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر دو نماز جنازہ حاضر اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائے۔

نماز جناز ہ حاضر

-1 مکرمہ عابدہ چوہدری صاحبہ اہلیہ مکرم منصور احمد کاہلوں صاحب مرحوم (یوکے)

9مئی 2022 کو 83سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ کا تعلق حیدر آباد سندھ سے تھا۔ 1970میں شادی ہو کر یوکے آئیں۔ مرحومہ پرہیزگار، متقی اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار، پنجگانہ نمازوں کی پابند، تہجد گزار، چندوں میں باقاعدہ اور ایک غریب پرور نیک خاتون تھیں۔ لجنہ اماء اللہ حلقہ پٹنی میں خدمت کی توفیق پائی۔ آپ مکرم چوہدری ناز احمد ناصر صاحب (واقف زندگی وکالت تبشیر یوکے) کی نسبتی ہمشیرہ تھیں۔

-2 عزیزم تابان احمد منہاس ابن مکرم زاہد منہاس صاحب (مچم۔ یوکے)

گزشتہ دنوں 2 سال 3ماہ کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گیا۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ عزیز تحریک وقف نو میں شامل تھا۔

نماز جناز ہ غائب

-1 مکرمہ امۃ المتین صاحبہ بنت مکرم چوہدری شریف احمد صاحب (کھاریاں)

15؍دسمبر 2021 کو 56 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ کے پڑدادا حضرت غلام محمد صاحب ؓ، پڑنانا حضرت چوہدری حسن محمد صاحبؓ، دادا حضرت چوہدری محمد خان صاحبؓ اور نانا حضرت چوہدری غلام محی الدین صاحب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔ آپ نے مقامی سطح پر مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ بہت خوبیوں کی مالک، سادہ مزاج، ملنسار، مہمان نواز، سلیقہ شعار، صفائی پسند اور دوسروں کا احساس کرنے والی ایک نیک اور نافع الناس وجود تھیں۔خلافت کا بے حد احترام کرتی تھیں اور باقاعدگی سے خطبات سنتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ مکرم چوہدری لئیق احمد ناصر صاحب (وکیل الدیوان ربوہ) کی ہمشیرہ تھیں۔

-2 مکرمہ بشریٰ رزاق صاحبہ اہلیہ مکرم ملک رزاق احمد صاحب (ربوہ)

9؍ اپریل 2022 کو 59 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے والد مکرم مرزا محمد طفیل صاحب نے خلافت ثالثہ کے دور میں بیعت کی سعادت حاصل کی۔ مرحوم نے تکلیف دہ بیماری کا بڑے صبر وہمت سے مقابلہ کیا۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند، تہجد گزار، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی، مہمان نواز، چندوں میں باقاعدہ، ایک نیک، مخلص اور ہمدرد خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم فراز احمد ملک صاحب (مربی سلسلہ۔ نظارت اصلاح وارشاد مرکزیہ ربوہ) کی والدہ تھیں۔

-3 مکرم مرزا عبد الغفور صاحب ابن مکرم مولا بخش صاحب (فرینکفرٹ۔جرمنی)

17؍ مارچ 2022 کو 93 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم صوم وصلوۃ کے پابند، ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ خدمت خلق، ایمانداری، دین سے محبت آپ کے نمایاں اوصاف تھے۔ احمد نگر میں آپ کی ورکشاپ تھی جہاں آپ تبلیغ کرتے تھے اور ورکشاپ کا ایک حصہ نماز کے لئے مخصوص کیا ہوا تھا۔ خراد کے کام کے ماہر تھے اور ڈگری کالج ربوہ میں آپ یہ کام سکھاتے بھی رہے۔ آپ کو سیلاب کے دوران احمد نگر اور ربوہ کے احمدیوں کی جانیں بچانے کی بھی توفیق ملی۔ جرمنی آنے پر شعبہ سمعی بصری سے منسلک ہوگئے اور چار سال تک وہاں خدمت کی توفیق پائی۔ مسجد نور فرینکفرٹ میں لمبا عرصہ خادم مسجد کے طورپر بھی خدمت بجالاتے رہے۔ خلافت اور خاندان حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔سلسلہ کے بزرگان اور مربیان کا بہت احترام کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور پانچ بیٹیاں اور متعدد نواسے نواسیاں اور پوتے پوتیاں شامل ہیں۔

-4 مبارکہ بیگم صاحبہ اہلیہ محمود احمد طاہر صاحب

20مارچ 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ چوہدری نواب دین صاحب مرحوم کی پوتی تھیں جو تحریک جدید کے پانچ ہزاری مجاہدین میں شامل تھے۔مرحومہ شعبہ تدریس سے وابستہ رہیں۔ مرحومہ نے ڈسکہ کلاں میں لجنہ کے مختلف عہدوں پر نہایت لگن اور اخلاص سے خدمات سرانجام دیں۔ انتہائی مخلص فدائی احمدی تھیں اوربڑی خوبیوں کی حامل تھیں۔جماعتی کاموں کوپوری دلجمعی سے انجام دیا کرتی تھیں۔ صدقات وخیرات اور دیگر کارہائے خیر میں بڑے ذوق وشوق سے حصہ لیاکرتی تھیں۔ پنجوقتہ نمازوں کے علاوہ تہجد کا بھی باقاعدہ التزام کیاکرتی تھیں۔تلاوت قرآن کریم اور سلسلہ کی کتب کے مطالعہ کا بڑا شوق رکھتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم عمرمحمود صاحب مربی سلسلہ کے طورپر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-5 مکرمہ رضیہ ناصر صاحبہ اہلیہ مکرم ناصر احمد صاحب (کینیڈا)

21؍ اپریل 2022 کو 82سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ حضرت محمد خان صاحبؓ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی تھیں جنہیں حضرت صاحبزادہ عبداللطیف صاحب شہید ؓ کے ہمراہ دستی بیعت کرنے کی سعادت نصیب ہوئی تھی۔ آپ کا خاندان خوست افغانستان سے ہجرت کرکے مردان میں آباد ہوا۔ مرحومہ مالی قربانی میں پیش پیش رہتی تھیں۔ افریقہ اور تھرپارکر سندھ میں اپنے خرچ پر 5کنویں لگوانے کی توفیق پائی۔ 30سال مردان میں اور 17 سال آٹوا کینیڈا میں بطور سیکرٹری مال لجنہ خدمت بجالاتی رہیں۔ مرحومہ کو قرآن کریم سے عشق تھا اور نصف سے زیادہ قرآن کریم حفظ تھا۔ہر بچے کی پیدائش اور ہر بچی کی شادی پر قرآن کریم تحفۃً پیش کرتی تھیں۔ پنجگانہ نمازوں اور تہجد کا باقاعدہ التزام کرتی تھیں۔ بہت نیک صالح، غریب پرور اور ملنسار خاتون تھیں۔ اپنے بچوں کی بہت اچھی تربیت کی۔ سب بچے اللہ کے فضل سے جماعت اور خلافت کے ساتھ اخلاص ووفا کا تعلق رکھنے والے ہیں۔ مرحومہ 1/3 حصہ کی موصیہ تھیں۔

-6مکر مہ مبارکہ انور صاحبہ اہلیہ مکرم محمدانور خان صاحب (کیلگری۔کینیڈا)

21؍مئی 2020 کو بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ مکرم ڈاکٹر محمد یعقوب خان صاحب معالج حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی بہو تھیں۔مرحومہ کو دس سال تک لاہور میں صدر لجنہ حلقہ شادمان اور کینیڈا میں بطور نگران حلقہ نارتھ ویسٹ کیلگری خدمت کی توفیق ملی۔ مرحومہ مہمان نواز، ملنسار، اپنوں اور غیروں کی ہمدرد،ایک نیک، صالح اور مخلص خاتون تھیں۔

-7 مکرمہ صدیقہ جمیل صاحبہ اہلیہ مکرم شیخ جمیل احمد رشید صاحب

22؍اپریل 2021 کو83 سال کی عمر میں لاہور میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ حضرت شیخ یعقوب علی صاحب عرفانی ؓ کے خاندان سے تھیں۔ آپ کینیڈا میں لوکل جماعت کی فعال رکن تھیں۔ مرحومہ بہت ملنسار، مہمان نواز، اپنوں اور غیروں سے ہمدردی کاسلوک کرنے والی، ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل آن لائن ان تمام مرحومین کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتا ہے

پچھلا پڑھیں

دعا کی درخواست

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ