• 27 اپریل, 2024

جلسہ سالانہ کے موقع پر لجنہ اماء اللہ کے سیشن کا آغاز

دسمبر کا مہینہ جماعت کیلئے ہمیشہ ہی بہت اہمیت کا حامل رہا ہے کیونکہ اس مہینے میں جلسہ سالانہ قادیان منعقد ہوتا ہے۔ اسی طرح اور بھی بہت سے ممالک اس مہینہ میں اپنے اپنے ملک میں جلسوں کا انعقاد کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برکینا فاسو کو بھی 24-25-26؍دسمبر کو اپنا نیشنل جلسہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ ہر لحاظ سے کامیاب رہا اور ہر سال کی طرح ملک بھر سے لجنہ نے بھی بھر پور شمولیت کی لیکن اس سال لجنہ اماء اللہ کا جوش و جذبہ بہت والہانہ تھا کیونکہ یہ سال لجنہ اماء اللہ کی سینٹینری کا سال تھا اور دنیا بھر کے ممالک کی طرح لجنہ اماء اللہ برکینا فاسو بھی اس سال کو یادگار بنانے کیلئے مختلف پروگرامز کا انعقاد کر رہی تھی اس لئے نیشنل صدر لجنہ مادام ودراگو فوزیہ نے عاملہ کی ممبرات کو تجویز پیش کی کہ کیوں نہ ہم محترم نیشنل امیر صاحب کی خدمت میں درخواست پیش کریں کہ کیونکہ یہ سال لجنہ اماء اللہ کی صد سالہ جوبلی کا سال ہے تو ہم چاہتی ہیں کہ جلسہ سالانہ کے موقع پر ہمیں بھی تھوڑا سا ٹائم دیا جائے تاکہ ہم لجنہ کی طرف سے ایک اجلاس منعقد کر سکیں جس سے تمام شاملین جلسہ مستفید ہو سکیں۔ محترم امیر صاحب نے ازراہ شفقت اجازت دے دی اور جلسہ کے دوسرے دن 25؍دسمبر کے روز بعد نماز مغرب عشاء لجنہ اماء اللہ نے اپنے اجلاس کا آغاز کیا۔ تلاوت قران کریم اور نظم کے بعد نیشنل صدرلجنہ اماء اللہ مادام ودراگو فوزیہ نے تمام حاضرین جلسہ کے سامنے ایک تقریر کی جس میں انہوں نے لجنہ اماء اللہ کی تنظیم کی ابتدا اور اس کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اس کے بعد لوکل زبانوں میں نظمیں اور ترانے پیش کیے گئے اور تمام اجلاس کے دوران لجنہ بھر پور جوش اور جذبہ سے فلک شگاف نعرے لگا کے جوش و جذبہ کو بڑ ھاتی رہیں۔ اجلاس کے آخر میں حضور انور کی طرف سے نمائندگی کے لئے آنے والے نیشنل امیر مراکش محترم خامسی صاحب اور برکینا فاسو کے نیشنل امیر محترم محمود ناصر ثاقب صاحب نے مردانہ جلسہ گاہ سے ہی لجنہ سے مختصر خطاب کیا اور فر مایا کہ آپ لوگوں نے ہماری امید سے کہیں بڑھ کر اچھا اجلاس کیا اور ماشاء اللّٰہ پورا پروگرام بہت اعلیٰ اور عمدگی سے پیش کیا مجھے دلی خوشی ہوئی اور میں اس خوشی کے موقع پر یہ اعلان کرتا ہوں کہ آئندہ ہر سال جلسہ سالانہ کے موقع پر جلسہ کے دوسرے روز لجنہ بھی اپنا اجلاس منعقد کیا کریں گی۔ اس اعلان کے بعد تمام لجنہ کی خوشی دیدنی تھی سب نے خوشی کے ساتھ نعرہ ہائے تکبیر لگانے شروع کر دیے اور فضاء مختلف نعروں سے گونجنے لگی۔ لجنہ اماء اللہ برکینا فاسو یہ سمجھنے سے قاصر تھیں کہ وہ اس خوشی کے موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کس طرح کریں اجلاس کا اختتام محترم خامسی صاحب نے دعا سے کروایا۔

اس اجلاس کے ختم ہونے کے بعد لجنہ کی تمام ممبرات مبلغین کی بیگمات نے ایک دوسرے کے گلے لگ کر مبارکباد دی اور خاص طور پر نیشنل صدر لجنہ کو ان کی مساعی کے لیے خصوصی مبارکباد دی جن کی آنکھیں خوشی اور شکرانے کے آنسوؤں سے لبریز تھیں اور ہمارا دل خدا تعالیٰ کی حمد سے اور اپنے بزرگوں کے اس احسان کے شکر سے بھر گیا جنہوں نے اس جماعت کی بنیاد رکھی جس میں آکے شامل ہونے والے تمام لوگ بلاتفریق رنگ و نسل قوم ایک ہو جاتے ہیں۔ خدا تعالیٰ اس وحدت کو تا ابد قائم و دائم رکھے۔ آمین ثم آمین

(صائمہ ناصر۔ برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

فقہی کارنر

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی