• 29 اپریل, 2024

سیرالیون میں جماعتی سرگرمیاں

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی سرپرستی اور مکرم مولانا سعیدالرحمٰن کی نگرانی میں جماعت احمدیہ سیرالیون اعلائے کلمۃ اللہ و تبلیغ اسلام کے کاموں میں مصروف ہے اور حتی الوسع جدید دور کے تمام ذرائع کو بروئے کار لا رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم ریڈیو فری ٹاؤن اور احمدیہ مسلم ریڈیو بو ایک لمبے عرصہ سے اس کام میں مصروف ہیں۔ اسی کام کی اہمیت اور ضرورت کے مدنظر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سےمکینی ریجن میں احمدیہ ریڈیو کے آغاز کا منصوبہ بنایا گیا۔

اس ضمن میں مکرم عبدالحئی ناصر ، سیکرٹری سمعی و بصری سیرالیون و انچارج احمدی مسلم ریڈیوز اور ان کی ٹیم نے حکومتی منظوری، مشینری کی خریداری اور انسٹالیشن کا کام مکمل کیا۔ریڈیو کی انسٹالیشن کے لئے تمام مشینری اٹلی سے منگوائی گئی۔گو کہ یہ ایک لمبا اور مشکل کام تھا مگر بالآخر اللہ تعالی کے خاص فضل سے تمام مراحل بخوبی انجام پائے اور دسمبر2019ء میں انسٹالیشن اور ٹیسٹ ٹرانسمیشن کا کام شروع ہوا اور مورخہ 2 جنوری 2020ء سے احمدیہ مسلم ریڈیو نے اپنی باقاعدہ نشریات کا آغاز ہستیٔ باری تعالیٰ کے عنوان سے ایک براہ راست پروگرام سے کیا۔مکرم امیر صاحب کی ہدایت پر ریجنل مبلغ مکرم طاہر احمد فرخ اس کی نگرانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔اس سے قبل اس علاقہ میں کوئی بھی مسلم ریڈیو کام نہیں کررہا تھا جبکہ بعض عیسائی ریڈیو کافی عرصہ سے فعال تھے۔ احمدیہ ریڈیو کے آغاز پر بہت سے سامعین نے بذریعہ فون کال کرکے احمدیہ ریڈیو کے آغاز کو سراہا اور مبارکباد پیش کی۔ اس سلسلہ میں ملکی ٹیلی ویژن SLBC نے خصوصی تعاون کیا اور اپنے ٹاور پر ہی ہمارے ریڈیو کا سیٹ اپ لگانے کی اجازت دی۔ احمدیہ مسلم ریڈیو کی نشریات مکینی شہر اور اس سے ملحقہ 70مربع کلومیٹر کے علاقہ کو نشریات فراہم کریں گی اور 5 لاکھ سے زائد افراد اس سے روزانہ مستفیض ہو سکیں گے ۔ خاص طور پر ہر جمعہ کے روز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ انگریزی ترجمہ کے ساتھ براہ راست نشر کیا جائے گا اور رات کو اور دوران ہفتہ لوکل زبانوں میں ترجمہ کے ساتھ نشر کیا جائے گا۔ ان شاءاللہ۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری کوششوں کو قبول فرمائے اور انہیں بابرکت فرمائے۔ آمین

محض اللہ تعالی کے فضل سے جماعت احمدیہ سیرالیون جہاں خدمت دین میں ہمہ تن مصروف ہے وہیں اسلامی تعلیمات کے مطابق خدمت انسانیت کے لئے بھی کوشاں ہے۔

مورخہ 8تا 11دسمبر ہیومینیٹی فرسٹ سیرالیون کے تحت مڈل ایسٹ سے آئے ہوئے دو ڈاکٹروں، مکرم ڈاکٹر ابرار احمد یوسف ،Specialist Department of anaesthesia and ICU اور مکرمہ ڈاکٹر رشیقہ ابرارنے سیرالیون کے چار بڑے شہروں میں مفت طبی کیمپس لگائے۔ ان کیمپس کا مقصد غریب اور ضرورتمند مریضوں کو مفت طبی معائنہ اور ادویات فراہم کرنا تھا اور اس بات کا جائزہ بھی لینا تھا کہ طبی میدان میں ان غریب اور نادار لوگوں کی کس طرح مدد کی جاسکتی ہے۔

امیر و مشنری انچارج سیرالیون مکرم مولانا سعیدالرحمن کی ہدایت پر احمدیہ مسلم ریڈیو فری ٹاؤن اور بو ٹاؤن نے ان ڈاکٹروں کی آمد اور مختلف شہروں میں میڈیکل کیمپس کی تاریخوں کاباقاعدہ اعلان کیا اور ان شہروں اور گردونواح کی مساجد میں بھی اعلان کروا کے ان ڈاکٹروں اور مفت طبی کیمپس کی اطلاع کی گئی۔

اس ضمن میں جن علاقوں میں کیمپس لگائے گئے ان میں کینیما شہر، بو شہر، مائل 91 شہر اور فری ٹاؤن شہر شامل ہیں۔

کینیما شہر اور فری ٹاؤن میں ان ڈاکٹروں کے ساتھ نصرت جہاں سکیم کے تحت وقف ڈاکٹروں مکرم ڈاکٹر فاتح الدین احمد، مکرم شمس الاسلام اور مکرم ڈاکٹر منصور احمد نے بھر پور تعاون کیا۔ علاوہ ازیں مریضوں کی رجسٹریشن اور دیگر سٹاف کی فراہمی میں ریجنل مبلغین مکرم منیر احمد شمس، مکرم عقیل احمد، مکرم قاسم طاہر اور مکرم محمد نعیم اظہر نے حتی الوسع تمام سہولیات مہیا کیں۔

مکرم صدیقی سانکو جو کہ ہیومینیٹی فرسٹ سیرالیون کے چیئرمین ہیں نے ان تمام جگہوں پر مریضوں کو ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوائیاں مہیا کیں اور اس بات کو یقینی بنایا کہ اگر کوئی دوائی اس وقت موجود نہیں تو وہ فوراً بازار سے خرید کر مہیا کی جائے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے 1000 سے زائد مریضوں کا مفت طبی معائنہ ہوا اور 18 ملین لیونز سے زائد رقم کی ادویات مفت تقسیم کی گئیں۔ الحمد للہ

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دکھی انسانیت کی کما حقہ خدمت کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(عبدالہادی قریشی، سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

نیکی کی جزا

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ