• 5 مئی, 2024

رپورٹ تربیتی کلاس أطفال الاحمدیہ، خدام الاحمدیہ، ناصرات و لجنہ

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ ایک ایسا عظیم الشان الٰہی نظام ہے جس میں ہر طبقہ کے افراد کی تعلیم و تربیت کا سامان موجود ہے۔ چنانچہ حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ؓ کی قائم کردہ مختلف تنظیمیں ہر چھوٹے بڑے اور بوڑھے مرد وزن کی تربیت کے پروگرام بناتی رہتی ہیں۔اس لیے ہی جماعت احمدیہ ایک لڑی میں پروئی ہوئی ہے جس کی ڈوریں خلیفۂ وقت کے ہاتھ میں ہیں اور خلیفۂ وقت جہاں ہر مشکل وقت میں ہمارے لیے روحانی سہارا بنتے ہیں وہاں تعلیم وتربیت کےتمام پہلوؤں میں ہماری راہنمائی بھی کرتے ہیں جو ایک عظیم قوم بننے کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔

جماعت احمدیہ برکینافاسو ہر سال تعلیم و تربیت کے مختلف پروگرام کرتی ہے۔ اس سال بھی مختلف ریجنز میں أطفال الاحمدیہ ،خدام الاحمدیہ ،ناصرات اور لجنہ کی تربیتی کلاسوں کا انعقاد کیاگیا۔ اس سال کورونا وائرس کی بیماری کی وجہ سے ملکی سطح پر پروگرام تو نہیں کیاجاسکا لیکن ہر بڑی جماعت میں اس سلسلہ میں تربیتی پروگرام کے انعقاد کی توفیق ملی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے سینٹر ویسٹ ریجن میں بھی أطفال الاحمدیہ ،خدام الاحمدیہ ،لجنہ اور ناصرات کی الگ الگ تربیتی کلاسوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس کے لیے سب سے پہلے ایک نصاب بنایا گیا۔ تربیتی کلاس کے لیے ریجن میں 6بڑی جماعتوں کو چنا گیا اور اس سے ملحقہ جماعتوں کو انھیں جگہوں پر تربیتی کلاس کے لیے بلایا گیا۔ جن جماعتوں میں کلاس کا انعقاد کیا گیا تھا وہاں جماعتی مساجد موجود ہیں جس کی وجہ سے ان جماعتوں میں پروگرام کرنے میں آسانی ہوئی۔

مؤرخہ 15اگست تا 21اگست 2020ء کو ناصرات اوراطفال الاحمدیہ کی کلاسوں کا انعقاد کیا گیا۔ناصرات کی کلاسز کا انعقاد صبح 9بجے جبکہ اطفال الاحمدیہ کی کلاسز کا انعقاد بعد نماز عصر کیا گیا۔ ان کلاسو ں میں تقریباً 75ناصرات شامل ہوتی رہیں اور اسی طرح 95اطفال کلاس میں شامل ہوتے رہے۔ ان کلاسز میں خاص طور پر نماز سادہ اور باترجمہ سکھائی گئی اور قرآن کریم کی کلاسز لگائی گئیں۔اس کے علاوہ نماز کے مسائل سکھائے گئے۔ اطفال اور ناصرات کو بعض دعائیں بھی سکھائی گئیں اوردینی معلومات کے سوال و جواب بھی سکھائے گئے۔ آخری دن ان کا امتحان لیا گیا۔

اسی طرح 22اگست تا 28اگست 2020ء کو لجنہ اماءاللہ اور خدام الاحمدیہ کی کلاسز کا انعقاد کیا گیا۔چنانچہ صبح 9بجے لجنہ کی کلاسز لگا ئی جاتیں اور شام کو بعد نماز عصر خدام کی کلاسز کا انعقاد کیا گیا۔ان کے لیے باقاعدہ ایک نصاب تشکیل دیا گیا اور ٹائیم ٹیبل بنا کر اس کی پابندی کی گئی۔خدام الاحمدیہ کے تربیتی کلاس کے نصاب میں علم کلام، حدیث، فقہ اور قرآن کریم کی آخری دس سورتوں کا فرنچ ترجمہ شامل تھا۔علم کلام میں وفات مسیح،خلافت علی منھاج النبوۃ کے دلائل ازقرآن کریم،ختم نبوت اور وفات مسیح کے دلائل سکھائے گئے۔حدیث میں بعض احادیث منتخب کی گئیں جیسے کسوف خسوف کی حدیث،تیس دجال والی حدیث، مسیح موعود ؑ کی آمد کے متعلق احادیث وغیرہ۔ فقہ میں نماز کے مسائل، شادی بیاہ کے مسائل، زکوٰۃاور روزہ کے مسائل پر روشنی ڈالی گئی۔اس دوران خدام الاحمدیہ کی طرف سے کثرت سے سوال کیے جاتے اور سیر حاصل بحث کی جاتی۔ ان پروگراموں میں تقریباً 150 خدام شامل ہوتے رہے۔

لجنہ کی کلاس میں نماز سادہ ، باترجمہ اور نماز کے مسائل سکھائے گئے ۔قرآن کریم کی کلاس کا انعقاد کیا گیا۔جماعت احمدیہ کے نظا م کا تعارف کروایا گیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ تربیتی کلاسیں شاملین کے علم و عرفان میں اضافہ کا باعث ہوں اور جماعتی نظام سے مضبوطی سے تعلق جوڑنے والی ہوں۔آمین ثمہ آمین

٭…٭…٭

(مرسلہ: مبارک احمد منیر مربی سلسلہ برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

آج کی دعا

اگلا پڑھیں

رپورٹ بابت ریجنل اجتماع لجنہ ریجن امبور