• 20 اپریل, 2024

موذی مرض اور ہیومینٹی فرسٹ کی خدمات

آج کل دنیا ایک مہلک بحران سے گزر رہی ہے۔ اس موذی مرض کے باعث لاکھوں لوگ لقمہ اجل بن گئے جبکہ ان گنت لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ دنیا بھر کے ممالک اس وائرس سے بچنے کے لئے لاک ڈاؤن میں جانے پر مجبور ہیں۔ اربوں ڈالر کے نقصان کی وجہ سے بیشتر ممالک کی معیشت کی رفتار سست ہوچکی ہے۔ مایوسی کے اس دور میں Humanity First کے رضا کاروں نے ضرورت مندوں کی خدمت کے لئے قدم بڑھایا۔

دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک کی طرح Humanity First نائیجیریا نے بھی مستحقین کی مدد کا بیڑا اٹھایا ۔جماعت احمدیہ نائیجیریا کے ہیڈکوارٹر Ojokoro,Lagos سے اس مہم کا آغاز کیا گیا، جہاں پر مستحقین میں راشن کی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر مکرم مبلغ انچارج نائیجیریا مولانا افضال احمد رؤف اور مکرم الحاج مفضل بنکولے (نائب امیر اور نمائندہ امیر صاحب) نے دعاؤں کے ساتھ تقریب کا آغاز کیا۔ یہ مشق نائیجیریا کے دوسرے شہروں میں بھی دہرائی گئی۔ ہیومینٹی فرسٹ نائیجیریا نے ملک بھر میں سینکڑوں خاندانوں میں خشک راشن اور فوڈ پیک تقسیم کئے۔ ان اشیاء میں سینیٹائزر، فیس ماسک، چاول، دالیں، تیل اور چینی شامل تھی۔ اس مہم کو نائیجیریا کے مختلف اخبارات نے شائع کیا۔ ان میں اخبار ’’لیڈرشپ‘‘ اور ’’وائس آف نائیجیریا‘‘ شامل ہیں۔ الحمدللہ ہیومینٹی فرسٹ کی اس کاوش کو مقامی لوگوں نے بہت سراہا نیز احمدیہ مسلم جماعت کے رضاکاروں کی لگن کی بھی تعریف کی۔ اللہ ہم سب کو اس وبائی بیماری سے محفوظ رکھے اور ان سب لوگوں کو جزا عطا فرمائے جنہوں نے اس کارخیر میں حصہ لیا۔ آمین

(راجہ اطہر قدوس۔نائیجیریا)

پچھلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 07 جون 2020ء

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 08 جون 2020ء