• 21 مئی, 2024

اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ ریجن برومو، برکینا فاسو

اللہ تعالیٰٰ کے فضل وکرم سے خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کو ہر سال خدام کی تعلیم و تربیت کے لیے مختلف پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملتی ہے۔چنانچہ اس سال بھی مختلف ریجنز میں خدام الاحمدیہ کے اجتماعات کروانے کی توفیق ملی۔ ان اجتماعات میں برومو ریجن کا اجتماع بھی شامل ہے جو 17,16 اکتوبر 2021 بروز منگل اوربدھ کو مجلس ویرو Virou میں منعقد ہوا۔ اجتماع سے پہلے Boudou Alidou بودو آلیدو صاحب ریجنل قائد برومو کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔جنہوں نے تمام اجتماع کے پروگرام بڑی خوش اسلوبی سے سرانجام دیئے۔

16اکتو بر کو اجتماع کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔جس میں Koné Daouda کونے داؤداصاحب صدر خدام الاحمدیہ برکینا فاسو شامل ہوئے۔ صدر خدام الاحمدیہ نے اپنی افتتاحی تقریب میں خدام کو نظام جماعت سے مضبوط تعلق جوڑنے کی طرف توجہ دلائی۔

افتتاحی تقریب کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا۔چنانچہ اس موقع پر خدام الاحمدیہ کے سات ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ان میں فٹ بال،دوڑ 100میٹر، دوڑ1500 میٹر، ریلے ریس، لانگ جمپ،ٹرپل جمپ اور کشتی کے مقابلہ جات شامل تھے۔نیز اس موقع پر اطفال الاحمدیہ کے الگ مقابلہ جات کروائے گئے۔ اطفال کے مقابلہ جات میں فٹ بال، دوڑ80میٹر، منہ میں چمچ پر لیموں رکھ کر چلنے کا مقابلہ،ثابت قدمی اور بوری ریس شامل تھے۔

علمی مقابلہ جات نماز مغرب و عشاء کے بعد منعقد کیے گئے۔ خدام الاحمدیہ کے علمی مقابلہ جا ت میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن، دینی معلومات، تقریر بزبان فرینچ، تقریر فی البدیہہ،مشاہدہ معائنہ اور پیغام رسانی شامل تھے۔ اطفال الاحمدیہ کے علمی مقابلہ جات میں یسرنا القرآن،حفظ قرآن،دینی معلومات اور مشاہدہ معائنہ کے مقابلہ جات شامل تھے۔

اجتماع کے موقع پر 16اکتوبر کو نماز تہجد کا انتظام بھی کیا گیا اور مغرب وعشاء کی نماز وں کے بعد خدام الاحمدیہ کی ذمہ داریوں کے بارہ میں درس دیا گیا۔نیز اگلے دن 17اکتوبر کو بھی تہجد کا انتظام کیا گیا اور بعد نماز فجر اسلام میں شادی بیاہ کی تعلیمات کے موضوع پر درس دیا گیا۔

اختتامی تقریب کی صدارت بشارت علی صاحب ریجنل مشنری برومو نے کی۔ تلاوت قرآن کریم،عہد خدام الاحمدیہ، نظم کے بعد رپورٹ پیش کی گئی۔بعد ازاں ریجنل مشنری صاحب نے خدام اور اطفال میں انعامات تقسیم کیےاور نصائح فرمائیں۔ اجتماع کا اختتام دعا سے ہوا۔ اللہ تعالیٰٰ سے دعا ہے کہ تمام شاملین کے لیے یہ اجتماع انتہائی بابرکت ثابت ہواور احمدیت کا یہ قافلہ دن دگنی رات چگنی ترقی کرتا چلا جائے۔آمین

(رپورٹ: مبارک احمد منیر ۔نمائندہ الفضل برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

احمدیہ مسلم سیکنڈری اسکول روکوپر،سیرالیون میں جلسہ سیرت النبی ؐ کا بابرکت و شاندار انعقاد

اگلا پڑھیں

جس مومن کو مَیں نے سخت الفاظ کہے ہوں