• 22 مئی, 2024

اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ بو ریجن سیرالیون

مکرم اثمار احمد صاحب ریجنل ناظم تربیت بو ریجن تحریر کرتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ Bo ریجن کو اپنا چھ مجالس پر مشتمل لوکل اجتماع کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللّٰہ علیٰ ذالک۔

تیاری اجتماع

اجتماع سے قبل حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں کامیابی سے اس کے انعقاد کے لیے دعا درخواست کی گئی۔ لوکل اور ریجنل سیکرٹریز کو دعوت نامے ارسال کیے گئے اور تمام کاموں کے بہتر سرانجام دینے کے لیے آگاہی دی گئی۔ اور سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے اس کی خوب تشہیر کی گئی۔ اس پروگرام کہ انعقاد کے لیے تمام خدام اور اطفال نے اجتماع فنڈ کی مد میں مالی قربانی میں حصہ لیا۔ خدام الاحمدیہ کا یونیفارم جوکہ سکارف اور مخصوص ٹوپیوں پر مشتمل ہے وہ تیار کیا گیا اور خدام میں اسے تقسیم کیا گیا ہے ریجنل مجلس عاملہ کی پروگرام کے حوالہ سے متعدد بار میٹنگ ہوئی او ر اجتماع کی تیاریوں اور اس کے خوش اسلوبی سے انعقاد کا پلان مرتب کیا گیا۔ انتظامی لحاظ سے ریجنل سیکرٹریز کی مختلف شعبہ جات پر ذمہ داریاں سونپی گئیں جن میں استقبال، رجسٹریشن، نظم و ضبط، طعام، ریفریشمنٹ، آب رسانی اور ترتیب شامل تھے۔

افتتاحی تقریب

باقاعدہ طور پر بروز اتوار 2 اکتوبر 2021ء کو ایک روزہ اجتماع کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد خدام الاحمدیہ کا عہد دہرایا گیا۔ اور بعد ازاں حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کا خوبصورت کلام۔ نونہالان جماعت مجھے کچھ کہنا ہے۔ پیش کیا گیا۔ اجتماع کا افتتاح ریجنل مشنری مکرم مولوی عقیل احمد صاحب نے کیا جس میں انہوں نے حضرت مصلح موعودؓ کے ارشاد کہ قوموں کی اصلاح نوجوانوں کی اصلاح کے بغیر نہیں ہو سکتی۔ کی طرف خدام کو توجہ دلائی۔ اور افتتاحی دعا کروائی۔

مقابلہ جات

اس کے بعد اجتماع کے مختلف مقابلہ جات شروع ہوئے۔اجتماع میں خدام اور اطفال کے لئے علمی اور ورزشی مقابلہ جات کا اہتمام کیا گیا تھا۔علمی مقابلہ جات میں مقابلہ تلاوت، مقابلہ حفظ القرآن، حفظ احادیث با ترجمہ، حفظ دعائے قنوت باترجمہ، مقابلہ تقریر، مقابلہ اذان، مقابلہ قصیدہ، پیغام رسانی، اور دینی معلومات شامل تھے۔ ورزشی مقابلہ میں مقابلہ دوڑ تھا۔ تمام مقابلوں میں خدام اور اطفال نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

خلاصہ خطاب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز برموقع اجتماع خدام الاحمدیہ یوکے2021ء

اجتماع کے موقع پر حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کے اجتماع کے موقع پر ارشاد فرمودہ خطاب مختصر طور پر خدام اور اطفال کے سامنے ایڈیشنل ریجنل قائد مولوی حامد علی بنگورا نے پیش کیا گیا۔

رشتہ ناطہ

رشتہ ناطہ کے مسائل اور ان کے حل کے موضوع پر تربیتی لیکچر مولوی یوسف بائیاں صاحب نے پیش کیا۔ جس میں انہوں نے خدام کو نصیحت کی کہ وہ دین کو دنیا پر مقدم رکھیں اور احمدیت کو اپنی نسلوں میں جاری رکھنے کے لیے احمدی مسلمات سے ہی رشتہ جوڑیں۔

اختتامی تقریب و تقسیم انعامات

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد عہد خدام دہرایا گیا۔ اور بعد ازاں خدام نے قصیدہ یا عین فیض اللّٰہ و العرفان دلنشین آواز میں گروپ کی صورت میں پیش کیا۔اس کے بعد ریجنل جنرل سیکرٹری مکرم اسکیپر صاحب نے اجتماع کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی مولوی ادریس احمد صاحب تھے۔ انہوں نے مختلف مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے خدام اور اطفال میں انعامات تقسیم کئے اور اختتامی خطاب میں احمدی نوجوانوں اور بچوں کو معاشرے کا مثالی فرد بننے کی تلقین کی اور آخر میں اختتامی دعا کروائی۔

ظہرانہ

جملہ شاملین کی خدمت میں پروگرام کے آخر پر کھانا پیش کیا گیا۔

کل حاضری 145 رہی۔

(رپورٹ : عبدالہادی قریشی ۔نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

حدیث ’’من سبّ نبیّا فاقتلوہ‘‘ پر ایک علمی نظر

اگلا پڑھیں

آج کی دعا