• 16 مئی, 2024

جلسہ ہائے یومِ خلافت کینیا

جلسہ ہائے یومِ خلافت
(ریجن ویسٹرن اے، کینیا)

اللہ تعالیٰ نے اپنے وعدہ لَیَسۡتَخۡلِفَنَّہُمۡ کے موافق اور آنحضرتﷺ کی پیشگوئی ’’ثُمَّ تَکُوْنُ الْخِلَافَۃُ عَلٰی مِنْھَاجِ النُّبَّوَۃِ‘‘ کے مطابق ہمیں خلافت جیسی عظیم الشان نعمت سےنواز رکھا ہے۔ اس نعمتِ عظمیٰ کا وعدہ مومنین اور اعمالِ صالحہ بجا لانے والوں سے منسلک ہے۔خلافتِ احمدیہ کی بنیاد 27 مئی 1908ء کو رکھی گئی جس کے ذریعے سے الٰہی وعدہ کےمطابق دین اسلام کو ایک طرف تمکنت، وسعت اور مضبوطی ملتی رہی تو دوسری طرف خوف کی حالت امن و آشتی اور سکون میں بدلتی رہی اور دُشمن با وجود اپنی دنیاوی طاقتوں اور شیطانی چالوں کے ہمیشہ ناکام و نامراد ہوتے رہےاور شرک جیسے ظلم سے بچا کر موحدین و مومنین کو معبود ِحقیقی کی عبادت کے اصل اور صحیح طریق سکھلاتی رہی۔

دین و دنیا میں امن کی ضامن اس با برکت نعمت کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے جماعت احمدیہ ہر سال مئی کے مہینہ میں جلسہ ہائے یومِ خلافت منعقد کرتی ہے۔ ہمیشہ کی طرح امسال بھی ویسٹرن اے ریجن کو اپنی جماعتوں میں اس پروگرام کی مناسبت سے جلسہ ہائے یومِ خلافت منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔ ان جلسوں کی کاروائی انگلش اور سواحیلی زبان میں ہوئی۔ پروگرام کے اختتام پر احبابِ جماعت اور معزز مہمانوں کے لئے ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا۔ کل9 جلسے ہوئے جن میں حاضری 401 رہی۔ ان جلسوں کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔

1۔ شیانڈا جماعت (Shianda)

جماعت احمدیہ شیانڈا کواپنا جلسہ یومِ خلافت موٴرخہ 22 مئی بروز اتوار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تلاوتِ قرآنِ مجید کے بعد ایک لوکل افریقی خادم نے بہت ہی خوبصورت آواز میں ترانہ ’’خلیفہ دل ہمارا ہے‘‘ اردو زبان میں پیش فرمایا۔ اس کے بعد تین تقاریر ہوئیں جن میں تفسیر آیت ِ استخلاف، سیرت حضرت خلیفۃ المسیح الاول اور خلیفہ خدا بناتا ہے کے عناوین پر روشنی ڈالی گئ۔ بعد ازاں ایک کوئز پروگرام بابت خلافت منعقد کیا گیا جس میں دو ٹیمیں بنا کر سوال پوچھے گئے اس پروگرام سے احباب ِ جماعت کی معلومات میں اضافہ ہوا اور یہ پروگرام دلچسپی کا بھی باعث بنا۔ اس جلسہ کی حاضری 81 رہی جن میں 3 مہمان بھی شامل تھے۔

2۔ ایلوامینی جماعت (Elwaminyi)

ایلوامینی جماعت میں جلسہ یومِ خلافت موٴرخہ 03 جون بروز جمعۃ المبارک بعد نمازِ جمعہ منعقد ہوا۔ تلاوت قرآنِ مجید کے بعد دو تقاریر ہوئیں جن میں خلافت کی اہمیت اور حضرت خلیفہ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کی احباب جماعت سے انمول محبت کے واقعات بیان کیے گئے۔ اس جلسہ کی حاضری 47 رہی۔

3۔ بوہورو جماعت (Buhuru)

بوہورو جماعت کواپنا جلسہ یومِ خلافت موٴرخہ 28 مئی بروز ہفتہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تلاوت ِقرآنِ مجید کے بعد ایک طفل نے خلافت کی اہمیت پر سواحیلی زبان میں ایک نظم پیش کی۔ بعد ازاں ’’خلافت خالص توحیدِ الٰہی کے قیام کا واحد ذریعہ ہے‘‘ کے عنوان پر تقریر ہوئی۔ اس پروگرام میں 32 احباب شامل ہوئے۔

4:کاکامیگا جماعت (Kakamega)

شٹائو، کاکامیگا اور منڈولو ان تینوں جماعتوں کا مشترکہ جلسہ یومِ خلافت موٴرخہ 27 مئی بروز جمعۃ المبارک بعد نمازِ جمعہ منعقد ہوا۔ تلاوتِ قرآن پاک کے بعد خلافت کی اہمیت و ضرورت اور ہماری بقا خلافتِ احمدیہ سے وابستہ ہے کے موضوع پر دو تقاریر ہوئیں۔ اس جلسہ کی حاضری 36رہی۔

5:سینوکو جماعت (Sinoko)

جماعت احمدیہ سینوکو میں بھی جلسہ یومِ خلافت موٴرخہ 05 جون بروز اتوار منعقد ہوا۔ تلاوت و اردو ترانہ کے بعد ’’اطاعتِ خلافت‘‘ کے عنوان پر تقریر ہوئی جس میں واقعات کی روشنی میں اس مضمون کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس پروگرام میں 42 احباب شامل ہوئے۔

6۔ ایشیبیمبی جماعت (Eshibimbi)

ایشیبیمبی اور شبیہے جماعت کا مشترکہ جلسہ یومِ خلافت موٴرخہ 14مئی بروز ہفتہ منعقد ہوا۔ تلاوتِ قرآن پاک کے بعد برکاتِ خلافت اور خلیفہ خدا بناتا ہے کے عناوین پر دو تقاریر ہوئیں۔ اس جلسہ کی حاضری 31 رہی۔

7۔ شیبینگا جماعت (Shibinga)

شیبینگا جماعت میں جلسہ یومِ خلافت موٴرخہ 29 مئی بروز اتوار منعقد ہوا۔ تلاوت قرآنِ مجید اورنظم کے بعد خلافت کی اہمیت و برکات اور سیرت حضرت خلیفۃ المسیح الثالث کے موضوع پر دو تقاریر ہوئیں۔ اس جلسہ میں 68 احباب شامل ہوئے۔

8۔ نڈیویسی جماعت (Ndivisi)

نڈیویسی اور لونیو جماعت کا جلسہ یومِ خلافت بھی موٴرخہ 29 مئی بروز اتوار منعقد ہوا۔ تلاوت قرآنِ مجیدکے بعد اطاعتِ خلافت اور نظامِ خلافت اور ہماری ذمہ داریاں کے عناوین پر دو تقاریر ہوئیں۔ اس جلسہ کی حاضری 36 رہی جن میں 9 غیر از جماعت بھی شامل تھے۔

9۔ انڈنگالاویسی جماعت (Indangalasia)

انڈنگالاویسی جماعت کا جلسہ یومِ خلافت موٴرخہ 21مئی بروز ہفتہ منعقد ہوا۔ تلاوتِ قرآن پاک کے بعد خلافت کی ضرورت و اہمیت اور بطور ایک احمدی کے ہم خلیفہ سے کیسے تعلق پیداکر کے فائدہ اٹھا سکتے ہیں کے عناوین پر دو تقاریر ہوئیں۔ اس جلسہ کی حاضری 28 رہی جن میں 4 غیر از جماعت بھی شامل تھے۔

آخر میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اور ہماری نسلوں کو اس ردائے خلافت سے وابستہ رکھے اوران جلسوں کے مثبت نتائج نکالے اور سب احباب کے ایمان و ایقان میں اضافہ کا باعث بنائے اور دوسروں کو بھی جلد اس عافیت کے حصار میں آنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: ملک بشارت احمد۔ مبلغ سلسلہ ویسٹرن اے ریجن، کینیا)

پچھلا پڑھیں

خلاصہ خطبہ عید الاضحٰی مؤرخہ 10؍جولائی 2022ء

اگلا پڑھیں

فقہی کارنر