• 3 مئی, 2024

بینن کے ریجن ناتی ٹنگو میں خوبصورت مسجد کا افتتاح

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بینن کو ریجن ناتی ٹنگو (Natitingou) کی جماعت انندانہ (Anandana) میں ایک نہایت ہی خوبصورت مسجد کی تعمیر کی توفیق ملی جس کا افتتاح مکرم میاں قمر احمد امیر صاحب بینن نے مؤرخہ 11فروری 2022ء کو کیا۔

سنگِ بنیاد

انندانہ (Anandana) گاؤں ریجنل سینٹر ناتیٹنگو سے تقریباً55 کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے مسجد کی تعمیر کے لئے زمین کی خرید اورکاغذات جماعت کے نام بنوانے کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خط لکھنے اور صدقات ادا کرنے کے بعد مکرم مرزا فرحان احمد بیگ مبلغ سلسلہ ریجن ناتی ٹنگو نے لوکل مشنری عزیزم حافظ تونو داؤدہ اور مقامی معلم سلسلہ مکرم پوہو حبیب کے ہمراہ مورخہ 21نومبر 2021 کو اس مسجد کا سنگِ بنیاد رکھا اور دعا کروائی۔

رقبہ و تعمیر

مسجد کی تعمیرکے لئے جو پلاٹ خریدا گیا وہ 27×27 مربع میٹر پر محیط ہے۔ جس میں سےتقریباً 14×14 مربع میٹر پر مسجد کی تعمیر مکمل ہوئی۔جس میں ایک مین ہال، محراب، ایک سٹور، 3 برآمدے اور 2 مینار شامل ہیں۔ مسجد کا .5 11×8مربع میٹر کا رقبہ مسقف ہے۔ مسجد کی چھت لوہے کے گارڈرز اور المونیم کی شیٹس کے ساتھ مضبوط بنائی گئی ہے۔ 8.5×8.5 مربع میٹر حصہ مسجد کے اندرونی ہال پر مشتمل ہے جبکہ اس کے علاوہ 2 مربع میٹر پر مشتمل سٹور اور 6×2 مربع میٹر پر برآمدہ بنایا گیا ہے۔ مسجد کے 2 بڑے مینار بنائے گئے ہیں جبکہ سامنے والی انٹرنس پر جو برآمدہ بنایا گیا ہے اسے بھی 2 چھوٹے میناروں سے مزین کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لجنہ اماءاللہ کے لئے جو دروازہ بنایا گیا ہے اسے بھی مزید خوبصورت بنانے کے لئے برآمدہ بنا کر مسقف کیا گیا ہے۔ اس اینٹرنس پر کلمہ لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ کے ساتھ مسجد کا اور گاؤں کا نام لکھا گیا ہے۔اسی طرح مسجد میں سولر انرجی کے ذریعہ روشنی اور MTA کا بھی انتظام کیا گیا ہے اور اذان کے لئے لاؤڈسپیکرز کا سسٹم بھی انسٹال کیا گیا ہے۔

کیلیگرافی و پینٹ

مسجد کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اس میں سبز اور سفید رنگ کروایا گیا جو کہ بینن میں جماعت احمدیہ کی طرف سے تعمیر کی گئی اکثر مساجد کا رنگ ہے۔اس کے بعد مسجد کے اندر خوبصورت کیلیگرافی کا کام کیا گیا ہے جس میں کلمہ لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ کے علاوہ ہر کھڑکی پرخوبصورت نقش کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے صفاتی نام لکھے گئے ہیں اور محراب میں اَلَا بِذِکۡرِ اللّٰہِ تَطۡمَئِنُّ الۡقُلُوۡبُ انتہائی خوبصورت طرز پر تحریر کیا گیا ہے۔

وقارِ عمل

مسجد کی تعمیر میں مقامی معلم عزیزم پوہو حبیب، لوکل مشنری عزیزم حافظ داؤدہ نے ریجنل مشنری مکرم مرزافرحان احمد کے زیرِ نگرانی انتہائی جوش سے اور محنت سے حصہ لیا اس کے ساتھ احباب جماعت نے جن میں نہ صرف انندانہ کےممبرز شامل تھے بلکہ قریب کی جماعتوں سے بھی احباب نے آکر متعدد باروقارِ عمل کئےجس میں جانفشانی اور ایمانی جذبہ سے محض للہ حصہ لیا اور مسجد کے اندر بھرتی ڈالنے کا ایک بڑا کام سرانجام دیا۔

تقریبِ افتتاح

مسجد کے افتتاح کے لئے مؤرخہ11فروری 2022ء بروز جمعۃ المبارک مکرم امیر صاحب بینن اپنے وفد کیساتھ جس میں آپ کے ساتھ محترم ابراہیم حمزہ نائب امیر جماعت بینن اور محترم مظفر احمد ظفر مبلغ سلسلہ ریجن پاراکو شامل تھے انندانہ گاؤں میں پہنچے جہاں ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم مرزا فرحان احمد نے اپنی ٹیم اور لوکل احباب کیساتھ جماعتی وفد کاپُرتپاک استقبال کیا۔ وفد کے استقبال میں مخلصینِ جماعت کے نعرہائے تکبیر، خلافتِ احمدیہ زندہ باداوراپنے خاص روایتی انداز میں پڑھا جس سے احباب کے اخلاص اور حضرت مسیح موعود ؑ سے محبت کا رنگ نظر آتا تھا۔ اس روح پرور نظارہ کو دیکھ کر ہر احمدی کا ایمان تازہ ہو گیا۔اور اس نے اپنی آنکھوں سے حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کے الہام ’’میری تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا‘‘ کو پورا ہوتے دیکھ لیا۔

پروگرام کا آغازتلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ تلاوت اور قصیدہ کے بعدایک لوکل خادم نے اردو میں خوش الحانی سے ’’بدرگاہِ ذیشان‘‘ نظم پڑھی اور فرنچ ترجمہ بھی پیش کیا۔اس کے بعد لوکل اتھارٹیز میں سے انندانہ کے سینٹرل امام، آپوستولک پادری اور گاؤں کے چیف نے جماعت احمدیہ کو اس خوبصورت مسجد کی تعمیر پر مبارکباد پیش کی اور اس مسجد کی تعمیر کو اسلام کی تعلیم کو اس گاؤں میں عام ہونے کا پیش خیمہ قرار دیا۔اس کے بعد پولیس کمشنر نے آروندسمہ کے چیف کو اپنی طرف سے بھی مبارکباد پیش کرنے کا کہا جس پر انہوں نے ملک بھر جماعت احمدیہ کی امن کے قیام کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ بینن کے اس دور دراز علاقہ میں بھی جماعت احمدیہ کو لوگ اچھی طرح جانتے ہیں اور اس دور دراز گاؤں میں اتنی خوبصورت مسجد کی تعمیر بینن میں جماعت احمدیہ کی ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کے بعد انہوں نے جماعت کی طرف سے مرمت کئے گئے نلکوں کا ذکر کیا اور جماعت کی کاوشوں کو سراہا۔

مہمانان کے اظہارِ جذبات کے بعد مکرم ابراہیم حمزہ صاحب نےحقیقی احمدی کی تعریف اور ہماری ذمہ داریوں کے موضوع پر اظہار خیال کیا جبکہ مکرم مظفر احمد ظفر مبلغ سلسلہ پاراکو نے نماز کی اہمیت اور مسجد کو آباد رکھنے کی تلقین کی۔

ان تقاریر اور نصائح کے بعد احبابِ جماعت نعرہائے تکبیر بلند کرتے اوردعائیں پڑھتے ہوئے مسجد کی طرف بڑھے جہاں مکرم امیر صاحب بینن نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح کی اور دعا کروائی اور تمام احباب مسجد میں داخل ہوئے نمازِ جمعہ کے لئے اذان دی گئی اور خطبہ جمعہ میں مکرم امیر صاحب بینن نے مساجد کی خوبصورتی ان کے نمازیوں سے ہوتی ہے کے حوالے سے نصائح کیں۔ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد حاضرین کی خدمت میں پُر تکلف ظہرانہ پیش کیا گیا۔اس پُرمسرت تقریب میں 200 سے زائداحباب نے شرکت کی۔

(رپورٹ مرزا فرحان احمد بیگ۔ بینن)

پچھلا پڑھیں

دعا کی تازہ تحریک

اگلا پڑھیں

فقہی کارنر