• 22 جون, 2025

نمازجنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری لندن یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 7؍اپریل 2022ء بروز جمعرات دوپہر 12بجے اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ حاضر اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم محمد امجد صاحب (فارنہم۔ یوکے)

30 مارچ2022 کو 69سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے نارووال میں نائب صدر کے علاوہ ضلعی سیکرٹری ضیافت کے طو رپر خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوۃ کے پابند، نیک مخلص اور ایک باوفا انسان تھے۔پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم مبارک امجد صاحب فارنہم جماعت کے فعال ممبر ہیں اور بیٹرسی اور ویمبلڈن پارک میں قائد مجلس کے طورپر خدمت کی توفیق پاچکے ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1مکرمہ طاہرہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم امتیاز احمد باجوہ صاحب

16مارچ 2022 کو 70سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ خدمت دین کا بہت شوق رکھتی تھیں۔لمبا عرصہ ربوہ کے مختلف محلہ جات میں مال کے شعبہ میں خدمت کی توفیق پائی۔ خلافت کا بے حد احترام کرنے والی خاتون تھیں۔ صوم وصلوۃ کی پابند ، بہت سادہ ، نیک اور بے نفس وجود تھیں۔کم وسائل کے باوجود صبر سے گزارا کرتی تھیں۔ ہمیشہ اولاد کی نیک تربیت کی کوشش کرتی رہیں۔ خلافت سے وفاداری اور فرمانبرداری ان کی نمایاں خوبی تھی۔واقفین زندگی کی بہت زیادہ قدر کرتی تھیں۔ نظام سلسلہ کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کرتی تھیں۔ سلسلہ کے کام بہت ذوق شوق سے کرتی تھیں۔ آپ کو لمبا عرصہ سیکرٹری مال اور سیکرٹری تحریک جدید کے طور پر خدمت کا موقعہ ملا۔چندہ جات بہت باقاعدگی سے اداکرتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹا اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کی دو بیٹیاں مکرمہ لبنی اظہر صاحبہ اہلیہ مکرم محمد اظہر منگلا صاحب (استاد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا) اور مکرمہ شیریں فراز صاحبہ اہلیہ مکرم احمد فراز صاحب (مبلغ سلسلہ وصدر جماعت لتھوانیا) اپنے شوہروں کے ساتھ میدان عمل میں ہونے کی وجہ سے والدہ کے جنازہ اور تدفین میں شامل نہیں ہوسکیں۔

-2مکرم اللہ بخش صاحب ابن مکرم سلطان محمود صاحب

16دسمبر 2021 کو 67سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحو م نے 1973 میں بیعت کی سعادت حاصل کی اور اپنے گاؤں میں اکیلے احمدی تھے۔احمدیت کی وجہ سے گھر والوں کی طرف سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا جس کا بڑے حوصلہ اور صبر وہمت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ آپ کچھ عرصہ الفضل میں اور پھر دارالضیافت میں اور بعدازاں پانچ سال دفتر بیت المال آمد میں کام کرتے رہے۔ رمضان میں ہر سال مسجد مبارک میں بھی ڈیوٹی دیتے تھے۔ نمازوں کے پابند، سادہ مزاج، محنتی، بہت نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔

-3مکرم چوہدری محمد اقبال گھمن صاحب

14 دسمبر 2021 کو 72سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں اور تلاوت قرآن کریم کے پابند اور تہجد میں باقاعدہ تھے۔ چندوں کو ہمیشہ وقت سے پہلے اد ا کرتے تھے۔ بہت دعا گو، اپنوں اور غیروں کا خیال رکھنے والے، خوش اخلاق، شکر گزار، ملنسار اور مخلص انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ نہایت گہرا اخلاص اور وفا کا تعلق تھا۔ آپ نے متعدد جماعتی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ گریڈ 18کے انتہائی فرض شناس افسر تھے۔ اونچا عہدہ ہونے کے باوجود انتہائی سادہ او ر نمود ونمائش سے بالکل پاک تھے۔ مرحوم موصی تھے اور اپنی زندگی میں ہی حصہ جائیداد کی ادائیگی کردی ہوئی تھی۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔

-4مکرمہ رضیہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم محمد صدیق صاحب پٹواری

11 مارچ 2022 کو 92سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ 1960 میں بیعت کر کے جماعت میں شامل ہوئیں اور انتہائی مشکل حالات میں عہد بیعت کو بخوبی نبھایا۔ آپ صوم وصلوۃ کی پابند اور باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والی، بہت نرم دل، حلیم طبع، غریب پرور، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا گہراتعلق تھا اور اپنی اولاد میں بھی ہمیشہ خلافت سے محبت پیدا کی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور تین بیٹاں شامل ہیں۔ آپ کے دو پوتے مکرم کا شف احمد جنجوعہ صاحب (مربی سلسلہ) چیک رپبلک میں اور مکرم اعجاز احمد جنجوعہ صاحب (مربی سلسلہ) Fulda جرمنی میں اور ایک نواسے مکرم سہیل رضا جنجوعہ صاحب (مربی سلسلہ) خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-5مکرمہ حلیمہ بشریٰ صاحبہ اہلیہ مکرم ارشد رانا صاحب (ٹورانٹو۔ کینیڈا)

20 مارچ 2022 کو 76سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ حضرت مولا بخش صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نواسی اور مولوی محمد حفیظ صاحب بقاپوری (درویش قادیان۔ سابق پرنسپل جامعہ احمدیہ وسابق ایڈیٹر اخبار بدر) کی سب سے بڑی بیٹی تھیں۔آپ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، دعا گو، ایک باہمت، نیک اور ملنسار خاتون تھیں۔ خلافت سے خاص محبت اور لگاؤتھا۔ آپ نے شادی سے پہلے قادیان میں اور شادی کے بعد کراچی میں پہلے ناصرات اور پھر لجنہ کے مختلف شعبوں میں خدمت کی توفیق پائی۔ کراچی میں صدر لجنہ حلقہ گلشن مریم کے طورپر بھی خدمت بجالاتی رہیں۔ قرآن کریم کا لفظی ترجمہ بھی پڑھاتی رہیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

-6 عزیزہ طیبہ اکرم بنت مکرم محمد اکرم صاحب
10دسمبر 2021 کو 20سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پاپند اور دینی اور اخلاقی لحاظ سے بہت اچھی تھیں۔ مرحومہ اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

(ادارہ الفضل آن لائن کی طرف سے مرحومین کے جملہ لواحقین تعزیت قبول فرمائیں)

پچھلا پڑھیں

رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ آگ سے نجات اور اس سے متعلق قرآنی دعائیں

اگلا پڑھیں

آج کی دعا