• 12 مئی, 2025

نماز جنازہ حاضرو غائب

حضرت امیر المومنین خلیفہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مورخہ11؍ستمبر2021 ء بروز ہفتہ 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر دو مرحومین کی نماز جنازہ حاضر اور درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔ اللہ تعالی ان مرحومین کے ساتھ مغفرت کا سلوک فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

ان مرحومین کے تمام پسماندگان ادارہ الفضل آن لائن کی طرف سے تعزیت قبول فرمائیں۔

نماز جناز ہ حاضر:
-1 مکرم چوہدری اعجاز احمد صاحب آرکیٹیکٹ (یوکے) 8ستمبر 2021 کو 87 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ ابتدائی تعلیم قادیان سے حاصل کی۔ فرقان فورسدمت بجالانے کی توفیق پائی۔ 1962میں انگلستان شفٹ ہوگئے اور مسجد فضل کے قریب رہائش اختیار کی۔ ابتدا سے ہی نیشنل عاملہ میں خدمت بجالاتے رہے۔ سیکرٹری ضیافت، سیکرٹری جائیداد کے علاوہ جلسہ سالانہ پر Maintenance، ہیلتھ اینڈ سیفٹی اور بعض دیگر شعبوں میں خدمت کی توفیق پائی۔ اسلام آباد کی خرید کے بعد اس کی ڈویلپمنٹ کے لئے جو آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اس کے بھی آپ ممبر تھے۔ جب ایم ٹی اے کا اجراء ہوا تو اس کے ٹرا نسمیشن رومز اور سٹوڈیوز کی تیاری میں بھی آپ کو کام کرنے کا موقعہ ملا۔ آپ نے IAAAE کے تحت مختلف ممالک میں مساجد کی تعمیر اور ڈیزائننگ کے لئے متعدد ممالک کے سفر بھی کئے اور کئی کئی ماہ وہاں رہ کر تمام پراجیکٹس پر کام کیا۔ مرحوم صوم وصلوۃ کے پابند، دعاگو، شریف النفس، منکسر المزاج ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ باوجود بیماری کے آخر دم تک خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

-2 مکرم مقصود احمد قمر صاحب (آف بولٹن۔ یوکے) آپ چند ماہ قبل پاکستان گئے تھے اور کرونا کی وجہ سے واپسی میں تاخیر ہوتی رہی۔ گزشتہ دنوں ننکانہ صاحب کے قریب اپنی زمینوں سے واپسی کے وقت کسی نے فائرنگ کی جس سے ان کی وفات ہوگئی۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ بچپن سے ہی بہت ہر دلعزیز شخصیت کے حامل تھے۔ اپنے گاؤں میں ہر طرح کے فلاحی کاموں میں حصہ لیتے تھے۔ اپنے علاقے کے مانے ہوئے کبڈی کے کھلاڑی تھے۔ لاہور ڈویژن کی طرف سے جماعتی کھیلوں میں خاص کر کبڈی میں باقاعدہ حصہ لیتے تھے۔بچپن ہی سے بہت نڈر اور بہادر تھے۔ آرمی میں گئے تو بہت سے اور نوجوانوں کو بھی بھرتی کروایا۔ 2013 میں نائب صوبیدار کے عہدے سے ریٹائر ہوئے اور 2014 میں یوکے آگئے اور یہاں بولٹن جماعت کے فعال ممبر تھے۔ ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ خلافت سے تعلق اور محبت آپ کی رگ رگ میں بسی تھی۔ جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔

نماز جناز ہ غائب:
-1 مکرم میاں محمد افضل زاہد صاحب (معلم سلسلہ) 30 اگست 2021 کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ چک سکندر ضلع گجرات میں پیدا ہوئے۔ آرمی سے ریٹائر ہونے کے بعد زندگی وقف کی اور یکم مئی 2001 سے ضلع گجرات، قصور، اوکاڑہ، لاہور اور راولپنڈی میں خدمت کی توفیق پائی۔

15 اگست سے دفتر میں خدمت بجالارہے تھے۔ مرحوم کے خاندان میں احمدیت آپ کے دادا حضرت میاں عبد العظیم صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ سے آئی۔ جنہوں نے 1901 میں بیعت کی تھی۔مرحوم موصی تھے۔ اللہ تعالیٰ نے آ پ کو چھ بیٹوں اور چار بیٹیوں سے نوازا۔ ان کے ایک بیٹے عزیزم فاران احمد اس وقت جامعہ احمدیہ میں زیر تعلیم ہیں۔

-2 مکرم الحاج محمد افضل خان ترکی صاحب (کنگسٹن۔یوکے) 2ستمبر 2021 کو 87 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ الحاج محی الدین خان صاحب کے بیٹے اور الحاج بہاؤالدین خان کے پوتے تھے۔مرحوم کے والدین آپ کی کم عمری میں ہی وفات پاگئے تھے۔ لہٰذا آپ اپنے آبائی علاقہ سے نکل کر کشمیر کی طرف چلے گئے۔ ٹی آئی ہائی سکول ربوہ سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ 1949میں آپ کینیا چلے گئےاور 1965 میں وہاں سے یوکے آگئے۔ احمدیت میں شمولیت کو خدا تعالیٰ کا خاص فضل سمجھتے تھے۔ آپ خلافت سے عقیدت کا تعلق رکھنے والے ایک نیک، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ آپ ایک اچھے شاعر بھی تھےاور آپ کو متعدد بار حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کی موجودگی میں اپنا کلام پیش کرنے کا موقع ملا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

-3 مکرم محمد عظیم قریشی صاحب (یوایس اے) 23دسمبر 2020 کو 82 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد مکرم محمد شفیع صاحب مرحوم نے 14سال کی عمر میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کی تھی۔ 1956میں والد کے ساتھ مل کر ربوہ میں الکیمسٹ کے نام سے دوائیوں کی دوکان کھولی۔ چھوٹی عمر سے ہی مختلف جماعتی خدمتوں کی توفیق پائی۔ حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کی حفاظت خاص کی ٹیم کے ممبر بھی رہے۔ راولپنڈی میں مجلس کے قائد اور پھر پانچ سال تک قائد ضلع اسلام آباد بھی رہے۔ اگرچہ آپ کا بہت اچھا کاروبار تھا مگر حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کی ہدایت پر 1981میں امریکہ منتقل ہوگئے۔ امریکہ میں آپ نے نیشنل آڈیٹر کے علاوہ لوکل سطح پر مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مالی قربانیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ صوم صلوۃ کے پابند،تہجد گزار، نظام جماعت اور خلافت کے اطاعت گزار، بہت محنتی، زندہ دل اور ایک خداترس انسان تھے۔مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں دو بیٹیاں اور چار بیتے شامل ہیں۔

-4 مکرم عبد الرشید منگلا صاحب 29 اگست 2021 کو 75سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے نصرت جہاں سکیم کے تحت 1980تا 1986 تک گیمبیا میں بطور مشنری ٹیچر خدمت کی توفیق پائی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد نصرت جہاں اکیڈمی میں تین سال تک پڑھاتے رہے۔ آپ نے مختلف جماعتی عہدوں پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔ مکرم محمد اسلم شاد منگلا صاحب مرحوم (سابق پرائیویٹ سیکرٹری ربوہ) رشتہ میں آپ کے ماموں لگتے تھے۔آپ کے ایک بیٹے مکرم اکرام منگلا صاحب (مربی سلسلہ) خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-5 مکرم منور احمد صاحب ابن مکرم عبدالرحمٰن صاحب مرحوم 28 جون 2021 کو 55سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کا تعلق بہت مخلص احمدی فیملی سے تھا۔ خود بھی جماعت کے ایک مخلص اور فعال رکن تھے۔ چک151 میں قائد مجلس خدام الاحمدیہ کے علاوہ صدر جماعت کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔

-6 مکرم ظفر علی مرزا صاحب (لیسٹر۔یوکے) 28 اگست 2021 کو 93سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم لیسٹر جماعت کے ابتدائی ممبران میں سے تھے۔ مختلف حیثیتوں سے جماعتی خدمت کی توفیق پائی۔ پارٹیشن کے دوران اپنے والد کے ساتھ جماعتی اموال کو باحفاظت قادیان سے پاکستان منتقل کیا اور قادیان کے پاکیزہ ماحول کے متعلق اکثر بتایا بھی کرتے تھے۔ صوم وصلوۃ کے پابند، چندوں میں باقاعدہ اور چیرٹی کے کاموں میں حصہ لیتے تھے۔ خلافت سے عقیدت کا گہرا تعلق تھا۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

پچھلا پڑھیں

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی انصار اللہ، کو زریں نصائح

اگلا پڑھیں

چھوٹی مگر سبق آموز بات